صرف پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی عائد کی ہیدیگر پلاسٹک اشیا پر نہیں،ڈی جی سیپا

بریڈ بیگز،فوڈ پیکجنگ،دودھ،پانی کی پیکنگ، ببل ریپ اور زرعی فلمز پر کوئی پابندی نہیں، وقار پھلپوٹو

جمعرات 29 مئی 2025 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء) سندھ میں پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی کے معاملے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے ڈی جی سندھ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی وقار حسین پھلپوٹو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے صرف "پلاسٹک شاپنگ بیگز" پر مکمل پابندی عائد کی ہے۔ یعنی وہ ناقابل تحلیل تھیلے جو روزمرہ خریداری کے لیے استعمال ہوتے ہیں اور جنہیں استعمال کے فورا بعد پھینک دیا جاتا ہے۔

صنعتی حلقوں اور عوام میں پھیلائی گئی غلط فہمی کہ سندھ حکومت نے ہر قسم کے پلاسٹک پر پابندی عائد کردی ہے درست نہیں۔ہر طرح کے پلاسٹک کیریئر اور شاپنگ بیگز پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بریڈ بیگز، فوڈ پیکجنگ، فروزن فوڈ پیکنگ، کوڑا دان کے بیگز، شِرنک ریپ، پیلٹ ریپ، ببل ریپ، زرعی مقاصد کے لیے ملچنگ فلمز، دودھ اور پانی کی پیکنگ، تین سال سے کم عرصہ کے لیے استعمال ہونے والی زرعی فلمز و نیٹنگ، بنے ہوئے پلاسٹک کے بیگز، بی او پی پی، سی پی پی اور میٹلائزڈ پلاسٹک فلمز پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈی جی سیپا کا کہنا تھا کہ چند مفاد پرست عناصر پلاسٹک انڈسٹری سے وابستہ افراد کو گمراہ کر رہے ہیں حالانکہ حکومت سندھ نے صرف ماحولیاتی آلودگی اور کوڑے کرکٹ میں اضافہ کرنے والے شاپنگ بیگز پر پابندی عائد کی ہے جو ماحول کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ سیکریٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ آغا شاہنواز خان نے کہا ہے کہ ہماری پالیسی واضح ہے۔ پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی عائد کی ہے۔ پلاسٹک بیگز ماحول دشمن ہیں۔سندھ حکومت نے عوامی مفاد میں تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع متاثر کیے بغیر قانون پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔ کاروباری طبقہ پریشان نہ ہو صرف ممنوعہ شاپنگ بیگز سے اجتناب کریں۔

متعلقہ عنوان :