خیبرپختونخوا کے 36 اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری ہے، بیرسٹر ڈاکٹرسیف

جمعرات 29 مئی 2025 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے 36 اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری ہے جس کے دوران 73 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ یہ مہم 34 اضلاع میں 31 مئی جبکہ خیبر اور پشاور میں دو جون تک جاری رہے گی۔

بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ 35 ہزار ٹیمیں اور 70 ہزار اہلکار پولیو مہم میں شریک ہیں۔ مہم کا ہدف 5 سال سے کم عمر بچوں کو وائرس سے محفوظ بنانا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو قطرے ضرور پلوائیں، پولیو سے بچاؤ صرف دو قطروں سے ممکن ہے اور پولیو کا خاتمہ قومی فریضہ ہے اس کے لئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ڈاکٹرسیف کا کہنا تھا کہ پولیو ویکسین محفوظ، مؤثر اور بچوں کے مستقبل کیلئے ضروری ہے، افواہوں پر کان نہ دھریں، پولیو ویکسین بچوں کو معذوری سے بچاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر ہمیشہ کے لئے معذوری سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ڈیوٹی پر مامور عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔