Live Updates

معروف سٹارز ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کو دبئی میں اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا

ماہرہ خان اور ہمایوں سعید تقریبا 10 برس بعد ایک ساتھ کسی فلم میں جلوہ گر ہو رہے ہیں

جمعہ 30 مئی 2025 13:17

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)پاکستان کے معروف فلمی ستارے ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کو پاکستانی فلم انڈسٹری میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں متحدہ عرب امارات(یو اے ای)کے شہر دبئی میں اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔یہ اعزاز پاکستان کے سفیر برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے ایک خصوصی تقریب میں پیش کیا، یہ تقریب فلم لو گرو کی تشہیری مہم کے سلسلے میں منعقد کی گئی، جس میں پاکستانی سفارتی مشن کے اراکین، مداحوں اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

سفیر فیصل ترمذی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ فنون لطیفہ پاکستان کی سافٹ پاور کا اہم حصہ ہیں, ایسے فنکار پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں اور ہماری کہانی کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فلم لو گرو جیسے منصوبے پاکستان کے بدلتے ہوئے ثقافتی منظرنامے کی عکاسی کرتے ہیں اور عالمی ناظرین سے دلوں کو جوڑنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ماہرہ خان اور ہمایوں سعید تقریبا 10 برس بعد ایک ساتھ کسی فلم میں جلوہ گر ہو رہے ہیں، ان کی آخری مشترکہ فلم بن روئے 2015 میں ریلیز ہوئی تھی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات