مصدق ملک سے اقوامِ متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک کی کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات

پاکستان میں بچوں کی نشوونما میں رکاوٹ کے سدباب سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال

جمعہ 30 مئی 2025 13:27

مصدق ملک سے اقوامِ متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک کی کنٹری ڈائریکٹر کی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ مصدق ملک سے اقوامِ متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک کی کنٹری ڈائریکٹر کوکو اشیاما نے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان اور عالمی ادارہ خوراک کے درمیان پانچ سالہ فریم ورک کے تحت موسمیاتی تناظر میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاکستان میں بچوں کی نشوونما میں رکاوٹ کے سدباب سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا خاص طور پرماحولیاتی تبدیلیوں ، تنازعات، کووڈ19 کی عالمگیر وباء سے پیدا شدہ معاشی بحران اور بدعنوانی کے خاتمے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ فریقین نے ایسے پیشگی اور نتائج پر مبنی پروگراموں کی ضرورت پر زور دیا جو موسمیاتی موافقت اور پائیدار ریزیلینس کو فروغ دیتے ہوئے غذائی قلت کے مسئلہ اور کمزور طبقات کو ہدف بنائیں۔وفاقی وزیر نے موثر پالیسی پر مبنی اقدامات اور مشترکہ منصوبہ جات کی اہمیت اجاگر کی جن کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی حکمت عملی کو مقامی سطح پر نافذ کیا جاسکے، بالخصوص ان علاقوں میں جہاں غذائی قلت اور موسمیاتی خطرات زیادہ ہیں۔