فاسٹ فوڈ کی نسبت سادہ اور متوازن خوراک استعمال کرنےوالے بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں،ڈاکٹر جاوید عزیز

جمعہ 30 مئی 2025 15:27

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) ماہر خوراک، استاد الاساتذہ اورمتعد فوڈ سائنس کتب کے مصنف پروفیسر ڈاکٹر جاوید عزیز اعوان نے کہا کہ فاسٹ فوڈ اور بازاری مشروبات کی نسبت سادہ اور متوازن خوراک استعمال کرنے والے بیماریوں سے محفوظ اور زندگی کی رعنائیوں سے بھرپور فائدہ حاصل کرتے ہیں۔نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول، سوشل ویلفیئر سوسائٹی غلام محمد آبادفیصل آبادکے زیراہتمام ناشتہ اور سادہ خوراک صحت مند زندگی کی علامت کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت مند لوگ ہی معاشرے کی دلچسپیوں اور رعنائیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں،موجود دور میں صحت کی بربادی میں سب سے بڑا ہاتھ فاسٹ فوڈ جن میں پیزا، برگر، شوارما اور بازاری مشروبات کا ہے، ان پر نہ صرف کثیر دولت خرچ ہوتی ہے بلکہ اس کا استعمال کرنے والے متعددی بیماریوں کے دائمی مریض بھی بن رہے ہیں، ہمارے آباؤاجداد کی زندگی سادہ ان کی خوراک سادہ جس میں لسی، دہی، ستواور علی الصبح بھرپور پراٹھا والا ناشتہ ہوتا تھا کوئی بیماری بھی ان کے قریب نہیں جاتی تھی،خواتین کی اکثریت آج کل علی الصبح ناشتہ سے دور،جس کی وجہ سے وہ اپنی عمر سے زیادہ بوڑھی ہو رہی ہیں حالانکہ علی الصبح بھر پورناشتہ کرنے والے سارا دن ہشاش بشاش وقت گزارتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ناشتہ نہ کرنے والی متعدد طالبات سکولوں، یونیورسٹیوں اور دفاتر میں آئے روز کمزوری سے بے ہوش ہو رہی ہیں اسلئے والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو کسی صورت میں بھی ناشتہ کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلنے دیں۔انہوں نے کہا کہ فاسٹ فوڈ وقتی ذائقہ کے سوا کچھ نہیں، اسی طرح شوارما، پیزہ، برگر بھی سوائے دولت کے ضیاع کے اور کچھ نہیں، ان کو فروخت کرنے والے حفظان صحت کے اصولوں سے کوسوں دور اور عوام دن بدن بیماریوں کا شکار جبکہ دوکاندار دولت مند بن رہے ہیں۔

محمد ارشد قاسمی نے کہاکہ خوش نصیبی ہے کہ آج ملک کے ممتاز فوڈ سائنٹسٹ جن کی فوڈ سائنس کے حوالے سے لکھی گئی کتابیں آج بھی پاکستان کی تمام فوڈ ڈیپارٹمنٹس میں پڑھائی جا رہی ہیں ان کے ہزاروں شاگرد اندرون و بیرون ممالک میں اپنی خدمات سرانجا م دے رہے ہیں ان کا تشریف لانا ادارے کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر جاوید عزیز اعوان وہ عظیم انسان ہیں جن کی صحبت میں چند منٹ بھی بیٹھنے سے علم، تحقیق، فلاح انسانیت اور آگے بڑھنے کا عملی درس ملتا ہے۔

قبل ازیں مہمان خصوصی کے پہنچنے پرسکول طالبات اور اساتذہ نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔سکول پرنسپل حافظہ صبا تبسم نے خیر مقدمی کلمات ارشادفرمائے اور کہا کہ ڈاکٹر اعوان نے جو روشنی دی ہے امید ہے طالبات ان کی روشنی میں ملک و ملت کی ترقی کے لیے کردار ادا کرتی چلی جائیں گی۔ تقریب سے روبینہ منیر، عائزہ ندیم، سمیرا افضل، جویریہ عروج،مسز سمیرا اور عابدہ کوثر نے بھی خطاب کیا۔