حکومت گلگت بلتستان کے محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن نے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں میں تعینات تمام اساتذہ کی تعلیمی و پیشہ ورانہ اسناد کی تصدیق کا جامع عمل شروع کرنے کا حکم جاری کر دیا

جمعہ 30 مئی 2025 19:13

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) حکومت گلگت بلتستان کے محکمہ تعلیم اسکول ایجوکیشن نے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں میں تعینات تمام اساتذہ کی تعلیمی و پیشہ ورانہ اسناد کی تصدیق کا جامع عمل شروع کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل سکول ایجوکیشن کو باضابطہ طور پر ایک سرکاری مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ کی اسناد کی درستگی، قابلیت اور مؤثریت کو یقینی بنانا گلگت بلتستان کے تعلیمی نظام کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے،اس مقصد کے تحت تمام اضلاع میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کی اسناد کی جامع جانچ پڑتال کی جائے گی۔تصدیق کے عمل میں اساتذہ کی میٹرک، انٹرمیڈیٹ، بیچلرز اور ماسٹرز کی ڈگریوں کو متعلقہ تعلیمی بورڈز اور جامعات سے چیک کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح بی ایڈ، ایم ایڈ، اے ڈی ای یا ان کے مساوی پیشہ ورانہ اسناد اور دیگر متعلقہ دستاویزات کی بھی تصدیق کی جائے گی،اس کے ساتھ ساتھ پیش کردہ اسناد کو ہر استاد کے سروس ریکارڈ سے ملا کر جانچا جائے گا اور کسی قسم کے تضاد کی نشاندہی کی جائے گی۔تمام اسناد اور ریکارڈز کو سکین کرکے محفوظ بنانے اور درست، مشتبہ اور غیر تصدیق شدہ اسناد کو واضح طور پر درجہ بند کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

ہر کیس میں واضح سفارشات تیار کی جائیں گی تاکہ محکمانہ کارروائی کی جا سکے۔مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ضلعی یا ڈویژن کی سطح پر تجربہ کار افسران کی نگرانی میں تصدیقی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ یہ عمل شفافیت اور دیانتداری کے ساتھ مکمل کیا جا سکے۔ مزید برآں اس کارروائی کی ایک مکمل رپورٹ دستخط شدہ اور مجاز افسر کی منظوری کے ساتھ ایک ماہ کے اندر سیکرٹریٹ کو ارسال کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔ڈپٹی سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان، کُمیل عباس کی جانب سے جاری کردہ اس ہدایت نامے پر عملدرآمد کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :