ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے کے موقع پر سینٹرل پارک میڈیکل کالج میں سیمینار کا انعقاد

جمعہ 30 مئی 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) سینٹرل پارک میڈیکل کالج میں ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیاگیاجس کا مقصد نوجوانوں، طلبہ، اور عوام میں تمباکو نوشی کے نقصانات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ اس سیمینار کا ایک اہم مقصد تمباکو اور نیکوٹین کی صنعتوں کی جانب سے نوجوانوں کو راغب کرنے کے لیے بنائے گئے جھوٹے اشتہارات اور گمراہ کن مارکیٹنگ کو بے نقاب کرنا تھا۔

سینٹرل پارک میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد عامر میاں نے مہمان خصوصی کے طور پر تقریب میں شرکت کی۔ سیمینار میں بڑی تعداد میں فیکلٹی ممبران، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مقررین نے تمباکو کے صحت پر اثرات، انسدادِ تمباکو قوانین، اور سگریٹ نوشی سے نجات کی تکنیکوں پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

ماہرین طب جن میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف چوہدری، ڈاکٹر اویس حسین کاظم، اور ڈاکٹر ارسلان اقبال نے خاص طور پر نوجوانوں میں تمباکو نوشی کے خطرات پر تفصیلی گفتگو کی۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف چوہدری، سربراہ شعبہ کمیونٹی میڈیسن، نے عالمی اور ملکی سطح پر تمباکو نوشی کے اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں ہر سال 80 لاکھ سے زائد افراد تمباکو سے متعلق بیماریوں کی وجہ سے جان کی بازی ہار جاتے ہیں، جن میں تقریبا ً1.6 لاکھ اموات پاکستان میں ہوتی ہیں۔ ڈاکٹر اویس حسین کاظم، سربراہ شعبہ امراض قلب، نے دل کی بیماریوں میں تمباکو کے کردار پر روشنی ڈالی اور زور دیا کہ سگریٹ نوشی ترک کرنا دل کی بیماریوں سے بچا کا مثر ترین طریقہ ہے۔

ڈاکٹر ارسلان اقبال، سربراہ شعبہ پلمونولوجی، سینٹرل پارک ٹیچنگ ہسپتال، نے پھیپھڑوں کی صحت پر تمباکو کے تباہ کن اثرات بیان کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ 90 فیصد پھیپھڑوں کے کینسر کی وجہ سگریٹ نوشی ہے۔سیمینار میں طلبہ کے مابین ایک پوسٹر مقابلہ بھی منعقد کیا گیا، جس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے چار طلبہ کو شیلڈز اور اسناد سے نوازا گیا۔

اس کے علاوہ ایک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں فیکلٹی، طلبہ، نرسوں، اور عام عوام نے بھرپور شرکت کی۔ سیمینار کے اختتام پر ڈاکٹر مہناز نے تمام شرکا اور مقررین کا شکریہ ادا کیا۔ مہمانِ خصوصی پروفیسر محمد عامر میاں نے شرکا میں یادگاری شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں اور کمیونٹی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کو ایک کامیاب اور مثر سیمینار کے انعقاد پر مبارکباد دی۔