خواتین کی انتخابی عمل میں بھرپور شرکت ایک مضبوط اور پائیدار جمہوریت کی بنیاد ہے،اقصی شبیر

جمعہ 30 مئی 2025 20:00

سیالکوٹ ،30 مئی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) خواتین کی انتخابی عمل میں بھرپور شرکت ایک مضبوط اور پائیدار جمہوریت کی بنیاد ہے اس کے لیے اجتماعی سطح پر سنجیدہ اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) سیالکوٹ کی لیکچرار اقصیٰ شبیر نےریڈیو پاکستان کے ایک خصوصی پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی خواتین آج بھی ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم ہیں، جس کی بنیادی وجوہات میں سماجی رکاوٹیں، آگاہی کی کمی، انتخابی نظام تک رسائی کے مسائل اور خوف و عدم تحفظ شامل ہیں۔ انہوں نے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے چند اہم تجاویز پیش کیں جن میں ملک گیر سطح پر آگاہی مہمات کا آغاز، خواتین کے لیے ووٹر رجسٹریشن کو آسان اور قابلِ رسائی بنانا، پولنگ اسٹیشنز پر محفوظ ماحول کی فراہمی، تعلیمی نصاب میں جمہوری شعور کو شامل کرنا، مذہبی و سماجی رہنماؤں کو خواتین کی سیاسی شرکت کی حمایت پر آمادہ کرنا اور ٹیکنالوجی کے جدید ذرائع جیسے سوشل میڈیا و موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے معلومات کی فراہمی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خواتین کی سیاسی شمولیت صرف ایک آئینی حق نہیں بلکہ قومی ترقی کی ضامن بھی ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ یو ایم ٹی جیسے تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ طالبات میں سیاسی شعور پیدا کریں تاکہ ایک بااختیار، تعلیم یافتہ اور فعال رائے دہندہ نسل پروان چڑھ سکے جو ملک کے جمہوری مستقبل کی ضامن ہو۔