بی آئی ایس ای سوات میں تقریب کا انعقاد ،میٹرک ،انٹرمیڈیٹ امتحانات میں بہترین کارکردگی دکھانے والے امتحانی عملے کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا

جمعہ 30 مئی 2025 20:20

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) سوات میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں حالیہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے امتحانی عملے کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔

تقریب بی آئی ایس ای آفس سیدو شریف میں منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین پروفیسر تسبیح اللہ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے عملے کو انعامات دیے۔اس دوران دو ملازمین کی ترقی کا بھی اعلان کیا گیا۔ فضل الرحمن کو اسسٹنٹ جبکہ طارق کمال کو سینیئر کلرک کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ترقی کے احکامات چیئرمین پروفیسر تسبیح اللہ اور سیکرٹری عمر حسین نے باقاعدہ طور پر حوالے کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری عمر حسین، کنٹرولر امتحانات محمد بشیر، ڈپٹی کنٹرولر محمد اسحاق اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین سوات بورڈ پروفیسر تسبیح اللہ نے منتخب امتحانی عملے کی محنت، دیانت داری اور فرض شناسی کو سراہا اور انہیں ادارے کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی حوصلہ افزائی سے نہ صرف عملے کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے بلکہ ادارے کے وقار میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بورڈ ملازمین کی پیشہ ورانہ ترقی، کارکردگی اور فلاح و بہبود کو ترجیح دیتا ہے، اور یہ اقدامات ادارے میں شفافیت اور میرٹ کے فروغ کے لیے جاری رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :