Live Updates

رکن قومی اسمبلی محمد جاوید حنیف خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس

جمعہ 30 مئی 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس ایم این اے محمد جاوید حنیف خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ جمعہ کو منعقدہ اجلاس میں کلیدی قانون سازی کے اقدامات کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور پاکستان کے تجارتی منظر نامہ کو بڑھانے کے لئے تجارت سے متعلق اہم امور پر بحث کی گئی۔

کمیٹی نے چاول کی برآمدات میں خلل ڈالنے والے مسائل پر بات چیت کی اور اس معاملے کو جلد حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ کمیٹی نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو کہا کہ وہ اپنی انتظامی نگرانی کو بڑھائے ، خاص طور پر کنٹینر کے معائنے اور متعلقہ طریقہ کار سے متعلق امور پر توجہ مرکوز کی جائے۔ کمیٹی کو یقین دلایا گیا کہ ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کوششیں فعال طور پر جاری ہیں ،چاول کی برآمدات میں مستقبل میں رکاوٹوں کو کم سے کم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے ایس آر او 760 کی معطلی پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ایس آر او کی معطلی وفاقی کابینہ کا فیصلہ ہے اور صرف کابینہ ہی اسے بحال کر سکتی ہے ۔ کمیٹی اراکین نے کہا کہ خوراک برآمد کرنے والی کمپنیوں کو حکومت کی طرف سے خصوصی ریلیف/چھوٹ دینے سے ملک کے لئے اضافی آمدنی پیدا کرنے میں مدد ملے گی ۔ کمیٹی نے مزید تفہیم کے لئے میٹر کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ۔

اجلاس میں"ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ترمیمی ) بل ، 2025" رکن قومی اسمبلی محمد مبین آصف کی طرف سے پیش کیا گیا اور "دی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ( ترمیمی ) بل ، 2025" رکن قومی اسمبلی اسامہ احمد میلہ کی طرف سے پیش کیا گیا کا جائزہ لیا اور پچھلی ذیلی کمیٹی کی میعاد ختم ہونے کے بعد بلوں پر تفصیلی فیصلہ سازی کے لئے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ۔

کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں پاکستان کی قومی ٹیرف پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ٹیکس لبرلائزیشن کو تیار شدہ سامان اور لگثری اشیاء تک نہیں بڑھایا جانا چاہئے ، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ توجہ ان شعبوں پر رہے جو قومی اقتصادی ترجیحات کے مطابق ہوں ۔ اجلاس میں صنعتی ترقی کو سہارا دینے اور پیداوار بڑھانے کےلئے خام مال اور مشینری کی درآمدات کو آزاد کرنے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی محمد مبین آصف ، اسامہ احمد میلا ، شائستہ پرویز ، ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ ، محمد عاطف ، طاہرہ اورنگزیب ، خورشید احمد جونیجو ، کرن حیدر ، میر امیر علی خان مگسی نے شرکت کی جبکہ اسد عالم نیازی ، رانا عاطف ، محمد علی سرفراز ، فرحان چشتی اور شرمیلا فاروقی نے ورچوئل شرکت کی ۔ اجلاس میں وزارت تجارت ، وزارت قانون و انصاف اور وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات