وزیراعظم ریلیف پیکج؛ جون میں بھی بجلی صارفین کو کمی کا مکمل ریلیف نہ ملنے کا امکان

رواں ماہ کے مقابلے میں آئندہ ماہ بجلی صارفین کو دیئے جانے والے ریلیف میں کمی کا خدشہ ظاہر کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 31 مئی 2025 10:56

وزیراعظم ریلیف پیکج؛ جون میں بھی بجلی صارفین کو کمی کا مکمل ریلیف نہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی 2025ء ) ملک میں بجلی صارفین کو وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت جون میں بھی کمی کا مکمل ریلیف نہ ملنے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔ ڈان نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے بجلی 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کے ریلیف پیکج کے تحت جون میں بھی بجلی صارفین کو اعلان کردہ کمی کا مکمل ریلیف نہ ملنے کا خدشہ ہے اور جون کے مہینے میں بجلی صارفین کے لیے مجموعی ریلیف کم ہوکر 4 روپے 79 پیسے فی یونٹ رہنے کا امکان ہے، اس وقت وزیراعظم پیکج کے تحت بجلی صارفین کو 6 روپے 35 پیسے کا ریلیف مل رہا ہے، گزشتہ ماہ اپریل میں بجلی صارفین کو 4 روپے 97 پیسے فی یونٹ کا ریلیف دیا گیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے مقابلے میں آئندہ ماہ وزیراعظم سستی بجلی سہولت پیکج کے تحت بجلی صارفین کو دیے جانے والے ریلیف میں کمی کا خدشہ ہے تاہم ریلیف میں کمی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے اپریل کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست کے تحت اضافے اور اس کا اطلاق جون میں کرنے سے مشروط ہوگا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے 29 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف اس مہینے ختم ہو جائے گا، اپریل کی ایڈجسٹمنٹ میں سی پی پی اے نے ایک روپے27 پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا ہے، نیپرا نے گزشتہ روزب جلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا، رواں مالی سال کی دوسری اور تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق جون میں برقرار رہنے کی توقع ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں ایک روپے 90 پیسے اور رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں ایک روپے 55 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف دیا جارہا ہے، پیٹرولیم لیوی کی مد میں ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف بھی جون میں برقرار رہ سکتا ہے جب کہ ری ٹینڈ ایف سی اے کی مد میں 90 پیسے فی یونٹ کمی بھی جون میں برقراررہے گی۔