Live Updates

سعودی عرب کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدوں کی پاسداری کریں گے، دفتر خارجہ

حوثیوں نے سعودی کمرشل جہازوں کو دھمکیاں دی، حوثیوں کی جانب سے بحری جہازوں پر حملوں کے اطلاعات بھی ہیں، پاکستان حوثیوں کے ان اقدامات کی مذمت کرتا ہے؛ ترجمان فارن آفس کی میڈیا بریفنگ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 23 جولائی 2026 14:36

سعودی عرب کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدوں کی پاسداری کریں گے، دفتر خارجہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی 2026ء) ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ تجارت کو نشانہ بنانے یا اس کے خلاف دھمکیاں دینا ناقابلِ قبول ہے، سعودی عرب کے ساتھ جائز تجارتی سرگرمیوں میں مصروف بحری جہازوں کو دھمکیاں دینے پر پاکستان کو تشویش ہے، سعودی عرب کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدوں کی پاسداری کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران انہوں نے حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر میں تجارتی اور سعودی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ حوثیوں نے سعودی کمرشل جہازوں کو دھمکیاں دی، حوثیوں کی جانب سے بحری جہازوں پر حملوں کے اطلاعات بھی ہیں، پاکستان حوثیوں کے ان اقدامات کی مذمت کرتا ہے، مشرقِ وسطیٰ کے جاری تنازع میں سعودی عرب کو بلاوجہ گھسیٹنے اور اس کے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں شدید قابلِ مذمت اور ناقابلِ قبول ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان دفترِ خارجہ نے خطے میں جاری کشیدگی اور سفارتی کوششوں پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام فریقین سے ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتا ہے اور ایران امریکہ مذاکرات و سفارت کاری کے لیے پرامید ہے، ایرانی وزیرِ داخلہ نے پاکستان کے دورے کے دوران وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے اہم ملاقاتیں کی ہیں کیونکہ بات چیت ہی تناؤ کا واحد حل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم نے آسیان ریجنل فورم کی سائیڈ لائنز پر مختلف ہم منصبوں سے ملاقاتیں کیں تاکہ خطے میں امن قائم کیا جا سکے، افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے اب بھی موجود ہیں اور افغان طالبان کی جانب سے ان کی پشت پناہی علاقائی امن کے لیے بڑا خطرہ ہے، دہشت گردی کے واقعات میں ہزاروں پاکستانی شہید ہو چکے ہیں، لہٰذا عالمی برادری افغان طالبان کو دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے پر جواب دہ ٹھہرائے۔

یورپی یونین کی رپورٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے لیے جاری کردہ جی ایس پی رپورٹ فائنل ہے اور یہ درجہ ملکی معیشت کے لیے انتہائی فائدہ مند رہا ہے، پاکستان 27 بین الاقوامی کنونشنز پر مسلسل عمل درآمد کر رہا ہے اور یورپی یونین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، جی ایس پی پلس درجہ پاکستان کی معیشت کے لیے فائدے کا باعث ہے، پاکستان انٹرنیشنل کنونشن پر عملدرآمد کرتا رہے گا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات