Live Updates

کویت میں ایرانی ڈرون حملے میں 6 امریکی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے؛ واشنگٹن پوسٹ کا انکشاف

حملے کے فوراً بعد سینئر فوجی کمانڈرز زخمیوں کی امداد اور سکیورٹی بحال کرنے کے بجائے عمارت چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے، بچ جانے والے فوجیوں نے اعلیٰ کمانڈرز پر سنگین الزامات عائد کردیئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 23 جولائی 2026 14:03

کویت میں ایرانی ڈرون حملے میں 6 امریکی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے؛ ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی 2026ء) امریکی معروف اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری جنگ کے دوران یکم مارچ کو کویت میں ہونے والے ایک ایرانی ڈرون حملے میں 6 امریکی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے، یہ حملہ اس جنگ کے دوران امریکی فوج کے لیے سب سے مہلک اور سب سے زیادہ جانی نقصان پہنچانے والا واقعہ ثابت ہوا، حملے میں بچ جانے والے فوجیوں نے اپنی قیادت اور کمانڈروں پر غفلت اور نااہلی کے سنگین الزامات عائد کردیئے۔

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق حملے کا شکار ہونے والے فوجی اہلکاروں اور عینی شاہدین نے انکشاف کیا ہے کہ اعلیٰ ملٹری لیڈرشپ کو حملے سے قبل ہی خبردار کر دیا گیا تھا، کمانڈروں کو پہلے ہی آگاہ کیا گیا تھا کہ کویت میں قائم اس امریکی فوجی تنصیب کے حفاظتی انتظامات انتہائی ناقص ہیں اور یہ جگہ کسی بھی حملے کے لیے غیر محفوظ ہے، لیکن انتباہ کے باوجود کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

(جاری ہے)

فوجیوں کا کہنا ہے کہ پیشگی وارننگز کو نظر انداز کرنے کا نتیجہ قیمتی جانوں کے ضیاع کی صورت میں نکلا، ڈرون حملے کے فوراً بعد سینئر فوجی کمانڈرز زخمیوں کی امداد اور سکیورٹی بحال کرنے کے بجائے عمارت چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے، زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد اور محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا کوئی مناسب انتظام نہیں کیا گیا، جس سے زخمی فوجیوں کی حالت مزید بگڑ گئی۔

متاثرہ امریکی فوجیوں اور عینی شاہدین نے اس واقعے کی اعلیٰ سطح پر مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ پیشگی اطلاعات کو نظر انداز کرنے اور ایمرجنسی کارروائیوں میں غفلت برتنے والوں کا تعاقب کیا جا سکے، تاہم امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے واشنگٹن پوسٹ کی اس رپورٹ پر فی الحال کوئی باضابطہ ردِعمل نہیں دیا، جبکہ ایرانی حکام نے بھی اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جس کے باعث ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات