Live Updates

"یہ ہمارے بیگ اٹھاتا تھا"، نعمان نیاز اور شعیب اختر کے درمیان دیرینہ تناؤ ایک بار پھر شدت اختیار کرگیا

سینئر صحافی نے پروگرام میں بےعزتی کرنے پر سپیڈ سٹار کو قانونی نوٹس بھیج دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 31 مئی 2025 11:35

"یہ ہمارے بیگ اٹھاتا تھا"، نعمان نیاز اور شعیب اختر کے درمیان دیرینہ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 مئی 2025ء ) قومی ٹیم کے سابق سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور سینئر سپورٹس صحافی ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان دیرینہ تناؤ ایک بار پھر شدت اختیار کرگیا۔ 
معروف صحافی ڈاکٹر نیاز نے 25 مئی 2025ء کو تماشا پر چلنے والے کرکٹ شو دی ڈگ آؤٹ کی قسط 31 کے دوران سابق کرکٹر کی جانب سے کیے گئے ایک متنازع ریمارکس کے بعد شعیب اختر کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔

 
شو کے دوران شعیب اختر پاکستان ٹیم کے کوچنگ کے نظام اور مینجمنٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنی مثال دیتے ہیں کہ میرے ٹائم پر مجھے تو پتہ بھی نہیں ہوتا تھا کہ کوچ کون ہے؟ دوسرا ہمیں یہ نہیں پتہ ہوتا تھا کہ مینیجر کون ہے؟۔ 
وہ اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے مزید کہتے ہیں کہ "ہمارے وقت ہمیں یہ پتہ ہوتا تھا کہ ہمارے بیگ کمرے میں پہنچے ہیں کہ نہیں، مینیجر البتہ اس لیے رکھا ہوتا تھا، یہ ڈاکٹر نعمان ہمارے بیگ اٹھاتا تھا، یہ اسی لیے رکھا ہوا تھا نا، یہ کمپیوٹر میں کچھ لکھتا رہتا تھا اور اس کا بنیادی کام ہمارے بیگ کمروں تک پہنچانا ہوتا تھا"۔

(جاری ہے)

 
اس تبصرے کو صحافی نے توہین آمیز اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والا قرار دیا۔ 
ڈاکٹر نعمان نیاز کے وکیل قاضی عمیر علی کی جانب سے 29 مئی کو بھیجے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شعیب کے بیانات سے میرے موکل کی شبیہ کو نقصان پہنچا ہے۔ 
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر شعیب اختر نے عوامی سطح پر آکر اپنے بیان کی معافی نہیں مانگی یا اپنا بیان واپس نہیں لیا تو ہتک عزت آرڈیننس 2002ء کے تحت مزید قانونی کارروائی کریں گے۔

 
 
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب دونوں میں جھگڑا ہوا ہو، 2021ء میں لائیو پروگرام کے دوران بحث کے بعد شعیب اختر پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) کے سپورٹس شو چھوڑ کر چلے گئے تھے، تاہم بعدازاں وہ دوبارہ آئے لیکن دونوں کے درمیان تلخ رشتے رہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات