پہلے 11 ٹی ٹونٹی میچز میں زیادہ وکٹیں، صفیان مقیم نے سعید اجمل کا 16 سالہ ملکی ریکارڈ برابر کردیا

25 سالہ صفیان مقیم اب تک اپنے محض 11.15 کی اوسط سے 19 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 2 اگست 2025 11:31

پہلے 11 ٹی ٹونٹی میچز میں زیادہ وکٹیں، صفیان مقیم نے سعید اجمل کا 16 سالہ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 اگست 2025ء ) قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے لیفٹ آرم رسٹ سپنر سفیان مقیم نے سعید اجمل کا 16 سالہ ملکی ریکارڈ برابر کردیا۔ 
25 سالہ صفیان مقیم اب تک اپنے پہلے 11 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں محض 11.15 کی اوسط سے 19 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جس کے ساتھ ہی انہوں نے سعید اجمل اور محمد سمیع کا 16 سالہ ملکی ریکارڈ برابر کردیا۔

سعید اجمل نے اپنے پہلے 11 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 15.5 اور محمد سمیع نے 12.2 کی اوسط سے 19،19 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ 
عباس آفریدی 10.9 کی اوسط ، عثمان قادر 12.6 کی اوسط اور عمر گل 13.5 کی اوسط سے اپنے پہلے 11 ٹی ٹونٹی میچز میں 18،18 وکٹوں کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 14 رنز سے شکست دی، صائم ایوب آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار پائے، پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری مل گئی۔

(جاری ہے)

 
لاڈرہل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو صاحبزادہ فرحان 14 رنز بناکر آوٹ ہوگئے، جس کے بعد صائم ایوب نے ذمے داری سنبھالی اور 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ 
فخر زمان 28 اور حسن نواز 24 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 178 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ 
جواب میں ویسٹ انڈیز کے اوپنرز نے اچھا آغاز کیا تاہم اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی۔

 
پاکستان کی طرف سے محمد نواز نے 3 اور صائم ایوب نے 2 وکٹیں حاصل کیں، صفیان مقیم اور شاہین آفریدی نے بھی ایک ایک شکار کیا، پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔
 صائم ایوب کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔