حالات نارمل نہیں لیکن بیرونی مداخلت کے باوجود دہشتگردی کی روک تھام کیلئے کوششیں جاری ہیں،قائم مقام گورنر بلوچستان

ہفتہ 31 مئی 2025 13:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) قائم مقام گورنر بلوچستان کیپٹن(ر) عبدالخالق اچکزئی نے کہاہے کہ حالات نارمل نہیں لیکن بیرونی مداخلت کے باوجود دہشتگردی کی روک تھام کیلئے کوششیں جاری ہیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوراب کو شہید کیاگیا،امید ہے کہ دہشتگردی پر قابو پاکر ہم آگے بڑھیںگے ،کوئٹہ میں گرینڈ جرگے کے دو رس نتائج برآمدہوں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی نے کہاکہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ حالات نارمل ہے تاہم بلوچستان جہاں بیرونی مداخلت ہوں ،یہاں کے کچھ لوگ بیرونی مدد کے ذریعے دہشتگردی میں ملوث ہوں حالات سب کے سامنے ہیں تاہم حکومت بلوچستان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کردہشتگردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ بہت جلد دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا سوراب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو دہشتگردی کانشانہ بنایاگیا جو انتہائی افسوسناک ہے ،ایسے واقعات کی روک تھام کوئی مشکل کام نہیں تاہم دہشتگردی کے خاتمے کویقینی بنا کر آگے بڑھا جاسکے گا،وزیراعظم شہبازشریف گرینڈ جرگہ میں شرکت کیلئے کوئٹہ آئے ہیں ،بلوچستان کے قبائلی عمائدین ،منتخب ارکان اسمبلی ودیگر جرگے میں شرکت کرینگے اس جرگے کے دورس نتائج برآمدہوں گے ۔