بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا تین کھانے پینے کی اشیا کے مراکز اور تین دودھ کی دکانوں پر جرمانہ

ہفتہ 31 مئی 2025 15:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کوئٹہ میں تین کھانے پینے کی اشیا کے مراکز اور تین دودھ کی دکانوں پر جرمانہ عائد کردیا۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی موبائل انسپیکشن ٹیم کے مطابق زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئےبروری روڈ کے علاقے میں مذکورہ دودھ کی دکانوں میں موقع پر ٹیسٹ کردہ دودھ کے سیمپلز میں پانی اور خشک پاؤڈر کی ملاوٹ پائی گئی جس کی بناء پر دودھ فروشوں کو جرمانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا کوئٹہ شہر کے وسط میں واقع بلوچی اسٹریٹ اور کاسی روڈ پر قائم خوراک کے مراکز کی چیکنگ کے دوران 3 کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائدکئے گئے۔ جرمانہ کیے گئے مراکز میں ایک جنرل سٹور سے ایکسپائرڈ خوردنی مصنوعات اور ممنوعہ اشیاء برآمد ہوئیں جبکہ ایک فوڈ کارنر اور ایک فاسٹ فوڈ پوائنٹ کے خلاف ایس او پیز کی خلاف ورزی اور لائسنس کی عدم دستیابی پر ایکشن لیا گیا ۔ دوران معائنہ معمولی نقائص پر تین دیگر کھانے پینے کے مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔