نیو ٹاؤن پولیس کی کارروائی 18 سالہ لڑکی سے زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم گرفتار

ہفتہ 31 مئی 2025 15:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) نیو ٹاؤن پولیس نے 18 سالہ لڑکی سے زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا۔ مدعیہ کے مطابق زیر حراست شخص نے شادی کا جھانسہ دے کر اس کی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ لڑکی کی والدہ کا کہنا ہے کہ ملزم نے اعتماد کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے بیٹی کی عزت پامال کی۔ واقعے کا مقدمہ چار روز قبل تھانہ نیو ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس نے جدید تفتیشی طریقوں اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل معائنہ بھی مکمل کروا لیا گیا ہے۔ ایس پی راول ڈویژن محمد حسیب راجہ کا کہنا ہے کہ زیر حراست شخص کے خلاف ٹھوس شواہد جمع کر لیے گئے ہیں اور اسے چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔