خیرپور : جج کے اسکواڈ پر حملہ، پولیس اہلکار شہید 2 زخمی

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی خیرپور سردار حسن نیازی بھاری پولیس نفری ہمراہ جائے وقوعہ پہنچ گئے

ہفتہ 31 مئی 2025 16:40

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2025ء)خیرپور لاڑکانہ روڈ پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کے اسکواڈ پر نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کردیا، حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 2شدید زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اے ٹی سی کے جج گاڑی میں سکھر سے لاڑکانہ جارہے تھے کہ اس دوران اسکواڈ میں شامل موبائل پر گولیاں لگیں۔

(جاری ہے)

اچانک حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار نے موقع پر ہی جان دے دی جبکہ دو اہلکار فائرنگ سے زخمی ہوئے، شہید اہلکار اور زخمیوں کو لاڑکانہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی خیرپور سردار حسن نیازی بھاری پولیس نفری ہمراہ جائے وقوعہ پہنچ گئے ہیں۔ علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعے کے بعد حملہ آور واردات کے فوری بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، شہید اور زخمی اہلکاروں کا تعلق ضلع لاڑکانہ سے ہے۔ایس ایس پی خیرپور سردار حسن نیازی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اے ٹی سی جج محفوظ ہیں، ان کے اسکواڈ پرحملہ ہوا ہے، یہ ٹارگٹڈ حملہ تھا یا ڈکیتی کے دوران کچھ ہوا اس معاملے کی مزید تحقیقات کررہے ہیں۔