کہوٹہ میں انسدادِ پولیو مہم جاری، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی عوام سے تعاون کی اپیل

ہفتہ 31 مئی 2025 16:50

کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) تحصیل کہوٹہ میں انسدادِ پولیو مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے، جس کا مقصد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو مہلک بیماری پولیو سے محفوظ بنانا ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر عمر خان نے اے ایس وی ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کے ہمراہ کہوٹہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مہم کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈاکٹر عمر خان نے پولیو فیلڈ ورکرز کو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے ٹیموں کو ہدایت دی کہ ہر بچے تک رسائی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی گھر کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب اور محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے انسدادِ پولیو مہم جاری ہے اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ مہم کامیابی سے مکمل ہو۔

انہوں نے پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی کی فراہمی اور مکمل سہولیات کی فراہمی پر انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اے ایس وی ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے بھی پولیو ورکرز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ مہم کے دوران اگر کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جائے تو والدین فوری طور پر نزدیکی مرکز صحت یا مقامی ٹیم سے رابطہ کریں۔ \378

متعلقہ عنوان :