ضلع راولپنڈی میں گذشتہ ماہ ریسکیو 1122 کو آگ لگنے کے مجموعی طور پر 173 واقعات رپورٹ ہوئے، رپورٹ

ہفتہ 31 مئی 2025 17:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) ضلع راولپنڈی میں گذشتہ ماہ ریسکیو 1122 راولپنڈی کو آگ لگنے کے مجموعی طور پر 173 واقعات رپورٹ ہوئے، ریسکیو ٹیمیں تمام واقعات پر بروقت پہنچیں اور فوری امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے کئی قیمتی جانوں اور املاک کو نقصان سے بچایا۔ ہفتہ کو ریسکیو راولپنڈی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ان واقعات میں مجموعی طور پر 37 افراد زخمی ہوئے۔

پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائر فائٹرز نے فوری طور پر آگ پر قابو پایا اور مزید نقصان کو روکنے میں کامیاب رہے۔ ریسکیو راولپنڈی کے مطابق آگ لگنے کی بنیادی وجوہات میں شارٹ سرکٹ، سگریٹ نوشی میں لاپرواہی، گیس لیکج اور دیگر عوامل شامل رہے۔ رپورٹ کے مطابق صرف ماہ مئی میں 11 جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے جن پر فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جنگلات کو شدید نقصان سے بچا لیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو راولپنڈی نے اپنی موثر حکمت عملی اور بروقت کارروائیوں کے باعث تقریبا 127 ملین روپے مالیت کے ممکنہ نقصان کو روکا۔ فائر فائٹرز اور ضلعی ریسکیو انتظامیہ کی کوششوں کو شہری حلقوں کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ میڈیا کوآرڈینیٹر محمد عثمان گجر کے مطابق ریسکیو سروس راولپنڈی نہ صرف آگ بجھانے میں سرگرم ہے بلکہ آگ کے واقعات میں کمی لانے کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں فائر سیفٹی رولز کا نفاذ، فائر سیفٹی ٹریننگ اور دیگر آگاہی پروگرامز تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :