حضرت بابا فریدالدین گنج شکر کے سالانہ عرس مبارک کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس

عرس مبارک پر زائرین کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘سیکریٹری اوقاف طاہر رضا بخاری

منگل 3 جون 2025 18:48

حضرت بابا فریدالدین گنج شکر کے سالانہ عرس مبارک کے سلسلہ میں انتظامات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء) حضرت بابا فریدالدین گنج شکر کے 783ویں سالانہ عرس مبارک کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس پاکپتن میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت سیکرٹری اوقاف پنجاب سید طاہر رضا بخاری نے کی، جبکہ کمشنر ساہیوال ڈویڑن شعیب اقبال سید نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر ماریہ طارق نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عرس کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پیدل زائرین کے روٹس پر ٹینٹ، کارپٹ، پانی کی سبیلیں اور انڈسٹریل فین نصب کیے جائیں گے۔ محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کی جانب سے مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپس قائم کیے جائیں گے جبکہ ڈی ایچ کیو اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں اضافی بیڈز بھی مختص کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

درگاہ شریف پر 10 بیڈز پر مشتمل ایک عارضی ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا۔شہر بھر میں صفائی، سیوریج اور ممکنہ بارش کی صورت میں نکاسی آب کے لیے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ درگاہ پر سکیورٹی کیمروں کی تنصیب جاری ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں داخلی راستہ، مین گیٹ، وضو خانے، ٹوائلٹ بلاک اور داخلی چھت کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ نے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں سرچ آپریشنز، ناکہ بندی، ٹریفک پلان، اور زائرین کے روٹس پر پولیس فورس کی تعیناتی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری نے کہا کہ:"حضرت بابا فریدالدین گنج شکرکے عرس مبارک پر ملک بھر سے آنے والے لاکھوں زائرین کو سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

تمام محکمے باہمی رابطے اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔ امن و امان، صفائی، صحت، اور رہنمائی جیسے تمام پہلوؤں پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید احمد نے کہا کہ حضرت بابا فرید کی درگاہ نہ صرف روحانی مرکز ہے بلکہ ہماری ثقافت اور تاریخ کا ایک اہم ستون بھی ہے۔ عرس کے موقع پر زائرین کی خدمت دراصل ایک بڑی عبادت ہے۔ تمام ادارے جذبہخدمت کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔کمشنر ساہیوال ڈویڑن شعیب اقبال سید نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عرس مبارک کے تمام انتظامات قبل از وقت مکمل کیے جائیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو اور یہ روحانی اجتماع بہترین انداز میں منعقد ہو۔