کراچی‘ عزیزآباد میں موٹرسائیکل رائڈر کے قتل کا معمہ حل، 4 ملزمان گرفتار

پولیس نے گرفتار ملزمان کی مدد سے مرکزی ملزم کی تلاش شروع کر دی

اتوار 1 جون 2025 12:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)کراچی کے علاقے عزیزآباد میں بائیک رائیڈرکے قتل کا معمہ چوبیس گھنٹے میں حل ہو گیا۔ پولیس نے جرم چھپانے کے جرم میں 4 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے گرفتار ملزمان کی مدد سے مرکزی ملزم کی تلاش شروع کر دی۔کراچی کے علاقے عزیزآباد میں موٹر سائیکل رائڈر کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

پولیس نے 24 گھنٹوں کے دوران اندھے قتل کا معمہ حل کرلیا۔پولیس نے جرم چھپانے کے جرم میں 4 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے گرفتار ملزمان کی مدد سے مرکزی ملزم کی تلاش شروع کر دی۔گرفتار 2 ملزمان نے واقعہ کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ مزید 2 گرفتار ملزمان نے واقعہ کو اندھی گولی کا شاخسانہ قرار دینا چاہا جبکہ حقیقت میں حارث گرفتار ملزمان کے دوست ملزم دلاور کی گولی کا شکار بنا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دلاور کی فائرنگ کا شکار موٹر سائیکل رائڈر حارث فوڈ ڈیلیوری کا کام کرتا تھا۔ حارث حسین آباد میں فوڈ ڈیلیوری دینے آیا تھا۔ ملزم دلاور نے پستول کی نوک پرحارث سے اوباش نوجوانوں کی طرح برتاؤ کیا۔ملزم دلاور نے اسلحہ کے زور پر اٹھک بیٹھک کرائی، حارث نے معافی تلافی کرنے کی کوشش کی تو ملزم دلاور نے فائرنگ کر دی۔ ملزم دلاور کے اسلحہ سے گولی حارث کی ران کو چیرتی دوسری میں پیوست ہو گئی۔