ڈاکٹر رحیم اعوان نے لاء اینڈجسٹس کمیشن کے سیکریٹری کی حیثیت سے ملک میں قانون سازی اور آئین کی تشریح وترامیم کے لیے اہم کردار ادا کیا،جسٹس ہیلپ لائن

اتوار 1 جون 2025 18:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل کے صدر ندیم شیخ ایڈوکیٹ ،ممتاز صحافی وسیاسی رہنما غازی صلاح الدین، ریٹائرڈ بیورکریٹ آفتاب میمن، ڈی ایچ اے کے بریگیڈئر عامر فاروق ،سابق سیکریٹری پروفیسر زاہد انصاری، فائر ایکسپرٹ ڈاکٹر عمران تاج، منصور جیک، سید اسرارعلی ایڈوکیٹ، سلیم مائیکل ایڈوکیٹ ،سید ذوالفقارشاہ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں ایکبار پھر قوم یکجا ہوکر پاکستانی قوم بن گئی ہے۔

اور اپنے سے کئی گنا بڑی فوج رکھنے والی بھارتی حکومت اور عوام کا غرور خاک میں ملادیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق سیکریٹری حکومت سندھ پروفیسر زاہد انصاری کی جانب سے ڈاکٹر رحیم اعوان اور ندیم شیخ ایڈوکیٹ کے اعزاز میں دیئے گئے عصرانے اور فائر ایکسپرٹ ڈاکٹر عمران تاج کی جانب سے دیئے گئے عشائیے سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقررین نے ڈاکٹر رحیم اعوان کی سپریم کورٹ کے لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے سیکرٹری کی حیثیت سے خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انکی جانب سے کی جانے والی قانون سازی اور آئینی تشریح وترامیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رحیم اعوان قابل اور تجربے کار قانون دان ہیں انکی آئینی وقانونی خدمات لائق تحسین ہیں اب انکی سیاست میں آمد خوش آئند ہے۔

ڈاکٹر رحیم اعوان نے کہا کہ جسٹس ہیلپ لائن نے ہمیشہ قانونی معاملات ،کانفرنسز، لیگل کورسز،ٹریننگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں واضح داری اور شرافت کے کردار چوہدری شجاعت حسین کے ہاتھ مضبوط کرنے کیلیے وہ سیاست کے میدان میں آئے ہیں جس طرح وکلاء تحریک میں انہوں نے اپنا عملی اور فعال کردار ادا کیا ہے انشا اللہ سیاست میں بھی شرافت اور واضع داری کے فروغ کیلیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی والوں نے انہیں ہمیشہ عزت دی ہے۔جس کو وہ کبھی بھلا نہیں سکتے۔ انہوں نے پاک فوج کے ملکی دفاع کیلیے خدمات اور جنرل عاصم منیر شاہ کو فیلڈ مارشل مقرر کرنے کے حکومتی فیصلے کو سراہا ہے۔ اس موقع پر مہمانوں کو جسٹس ہیلپ لائن لیبر ونگ کے سربراہ کی جانب سے سندھ کی ثقافت اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔ سابق سیکریٹری حکومت سندھ آفتاب میمن نے اپنی کتاب جیون ساتھی کاتحفہ مہمانوں کو پیش کیا۔ جبکہ ندیم شیخ ایڈوکیٹ کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ پروفیسر زاید حسین انصاری کی جانب سے پرتکلف عصرانے (ہائی ٹی) اور ڈاکٹر عمران تاج کی جانب سے انکی رہائش گاہ پر عشائیے کابھی اہتمام کیا گیا۔