عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر ہوائی فائرنگ کر کے دوسروں کا گھر اجاڑنے والے خاموش قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں،آئی جی خیبر پختونخوا

اتوار 1 جون 2025 22:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختون خواہ ذوالفقار حمید نے عید الاضحی سے قبل مال مویشی منڈیوں میں چور، نوسرباز، سنیچرز اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر صوبہ بھر کے ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کو خصوصی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو عیدِ قربان کے موقع پر مویشی منڈیوں میں محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے آئی جی پی خیبر پختون خواہ نے صوبے کی تمام چھوٹی بڑی مویشی منڈیوں کے گرد سیکیورٹی بڑھانے اور منڈیوں میں سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکار تعینات کرنے سمیت دیگر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے احکامات دیے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں خصوصی سیکیورٹی پلان بھی مرتب کیا جائے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ عیدین اسلامی کلچر کا وہ حصہ ہے جو ہمیں بھائی چارے، رواداری اور خوشیاں بانٹنے کا درس دیتی ہیں لہذا اپنی چند لمحوں کی خوشی کے لیے ہوائی فائرنگ سے دوسروں کا گھر اجاڑنے والے خاموش قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے اسلحے کی نمائش پر پابندی کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لے کر خصوصی آگاہی مہم شروع کریں تاکہ کوئی اس سماج و اسلام مخالف امر سے کسی معصوم کی زندگی کا چراغ گُل نہ کر سکے۔

آئی جی خیبر پختون خواہ نے نماز عید کے اجتماعات سے قبل کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے حساس علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ شروع کرنے اور نماز عید کے اجتماعات کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان مرتب کرنے کا حکم بھی دیا۔ آئی جی پی نے اعلیٰ پولیس حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ تمام بازاروں، مارکیٹوں، بالخصوص خواتین کی خریداری کے مراکز کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات کریں اور وہاں پر باوردی عملے کے علاوہ خواتین پولیس کا عملہ بھی تعینات کریں۔

انہوں نے عید الاضحی سے قبل اور اسکے دوران ٹریفک کوہر وقت رواں دواں رکھنے اور اس مقصد کے لئے اضافی نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ اسی طرح انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام کو شر پسندوں کے خلاف عوام کو متحرک کرنے اور اُن کا تعاون حاصل کرنے سمیت تمام اضلاع میں ریسکیو 15 اور فوری رسپانس یونٹوں کو فعال اور متحرک کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔