Live Updates

محمد حارث کی شاندار سنچری، پاکستان نے تیسرا ٹی ٹوئنٹی بھی جیت لیا، بنگلہ دیش کو وائٹ واش شکست

جارح مزاج بلے باز نے کریئر کی پہلی سنچری سکور کی، پاکستان نے 197 کا ہدف 18 ویں اوور میں پورا کرلیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 1 جون 2025 23:24

محمد حارث کی شاندار سنچری، پاکستان نے تیسرا ٹی ٹوئنٹی بھی جیت لیا، ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون 2025ء ) پاکستان نے جارح مزاج بلے باز محمد حارث کی شاندار سنچری کی بدولت بنگلہ دیش کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی 7 وکٹوں سے جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کریئر کی پہلی سنچری سکور کی جس کی بدولت پاکستان نے 197 کا ہدف 18 ویں اوور میں پورا کرلیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ بھی لاہور میں کھیلا گیا جہاں پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 197 رنز کا ہدف دیا، مہمان ٹیم کی جانب سے تنزید حسن اور پرویز حسین ایمان نے ٹیم کو 110 رنز کا آغاز فراہم کیا، پرویز نے اپنی نصف سینچری مکمل کی وہ 34 گیندوں پر 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

جب کہ تنزید حسن 6 رنز کی کمی سے نصف سینچری مکمل نہ کرسکے اور 44 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے، کپتان لٹن داس 22 اور توحید ہریدوئے نے 25 رنزبنائے، ذاکر علی 15 اور تنظیم حسن ثاقب نے 8 رنز بنانے میں کامیاب رہے، پاکستان کی طرف سے حسن علی، عباس آفریدی نے 2،2، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے بیٹنگ کا آغاز کیا، 8 کے مجموعی سکور پر صاحبزادہ فرحان آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد صائم ایوب اور محمد حارث نے شراکت داری قائم کرکے سکور 100 رنز پر پہنچایا تو صائم ایوب 29 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اسی دوران محمد حارث نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، 137 کے مجموعی سکور پر حسن نواز 13 گیندوں پر 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم محمد حارث نے 43 گیندوں پر 107 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جب کہ کپتان سلمان آغا 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے آخری میچ میں ایک تبدیلی کی گئی، ٹیم مینجمنٹ نے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی جگہ عباس آفریدی کو پلینگ الیون میں شامل کیا۔ آج کے میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب ، محمد حارث ، حسن نواز، شاداب خان ، خوشدل شاہ ، فہیم اشرف ، حسن علی ، عباس آفریدی اور ابراراحمد شامل تھے جب کہ بنگلہ دیش نے لٹن داس ( کپتان )، تنزید حسن، توحید ہریدوئے، پرویز حسین، ذاکر علی ( وکٹ کیپر)، شمیم حسین، مہدی حسن مرزا، رشاد حسین، تنظیم حسن ثاقب، حسن محمود اور خالد احمد پر مشتمل تیم میدان میں اتاری۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات