سیاسی بات چیت ہی پی ٹی آئی کا واحد قابل عمل راستہ ہے ،رانا ثناء اللہ خان

اتوار 1 جون 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیاسی مذاکرات ہی مسائل کے حل کے لیے واحد قابل عمل آپشن ہیں۔اتوار کو نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کی حریف جماعتوں کو دشمن کے طور پر دیکھنے اور ماضی کے ہتھکنڈوں سے مسائل کے حل کی توقع رکھنے کی ذہنیت مذاکرات کے بغیر کام نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے فلور پر سیاسی مذاکرات کی واضح دعوت دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نہ صرف بات چیت کی پیشکش کی بلکہ آگے بڑھنے کا راستہ بھی دکھایا، حتیٰ کہ بات چیت کے لیے اسپیکر کے چیمبر میں آنے پر آمادگی ظاہر کی۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کی احتجاجی مہم سے لاحق خطرے کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان احتجاج سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، اگر کچھ ہے تو خطرہ ان کے لیے ہے، نہ کوئی منصوبہ بندی ہے، نہ کوئی حکمت عملی اور نہ ہی انہیں اس سے کچھ حاصل ہوگا، اس کا نتیجہ صرف ان کا اپنا سیاسی نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن غیر منظم یا خلل ڈالنے والے سیاسی اقدامات سے متاثر نہیں ہوگی۔ پی ٹی آئی کی قیادت کے انداز پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان میں سیاسی صلاحیت اور طاقت دونوں کی کمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے اقدامات بغیر تیاری یا منطق کے مسلسل ہوتے ہیں۔