Live Updates

گلوکار مجیب عالم کو مداحوں سے بچھڑے 21برس بیت گئے

پیر 2 جون 2025 14:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)دلفریب آواز کے مالک گلوکار مجیب عالم کو مداحوں سے بچھڑے 21برس بیت گئے۔سر اور تال میں غیر معمولی مہارت رکھنے والے مجیب عالم کے گیت آج بھی جب گونجتے ہیں تو شائقین دل تھام کے رہ جاتے ہیں، مجیب عالم 1948 میں بھارت کے شہر کانپور میں پیدا ہوئے ، ان کے والدین ہجرت کرکے کراچی منتقل ہوگئے۔

مجیب عالم نے گلوکاری کی ابتدائی تربیت موسیقار محبوب علی خان سے حاصل کی، موسیقار حسن لطیف نے اپنی فلم نرگِس میں گائیکی کا موقع دیا مگر یہ فلم ریلیز نہ ہوسکی، 1967 میں فلم چکوری کے ایک گیت کی مقبولیت کے بعد گلوکارمجیب عالم نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔مجیب عالم کو فلم چکوری کے اس گیت پر بہترین گلوکار کا نگار ایوارڈ بھی ملا، وہ 70 کی دہائی تک پاکستانی فلموں کے مصروف ترین گلوکار بن گئے، ان کی آواز محمد علی، وحید مراد، ندیم سمیت ہر ہیرو پر فٹ بیٹھتی تھی۔

(جاری ہے)

مجیب عالم نے 62فلموں میں 90کے قریب گانے گائے جن میں 10پنجابی گیت بھی شامل ہیں، فلم جان آرزو، تم ملے پیار ملا، سوغات، شمع اور پروانہ، قسم اس وقت کی، دل لگی اور میرے ہمسفر میں گلوکار مجیب عالم کے گائے گیت آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں۔مجیب عالم کی گلوکاری کا سفر 80کی دہائی تک جاری رہا، بدقسمتی سے اس خوبصورت گلوکار کو کبھی بھی سرکاری سطح پر پذیرائی نہ ملی اور 2 جون 2004 میں یہ سریلی آواز ہمیشہ کیلئے خاموش ہوگئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات