Live Updates

بجٹ میں غیر معمولی اصلاحات، معاشی بحالی، مالیاتی فریم ورک، ڈھانچہ جاتی اصلاحات کوواضح کیا جائے ، علی عمران آصف

پیر 2 جون 2025 15:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) معروف تاجر رہنما علی عمران آصف نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غیر معمولی اصلاحات، معاشی بحالی اور مالی نظم و ضبط سمیت ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے واضح لائحہ عمل وضع کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مالیاتی فریم ورک، میکرو اکنامک اہداف اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے خدوخال کی وضاحت ضروری ہے، اسی طرح اسٹریٹجک فریم ورک پر بھی اسٹیک ہولڈرز کو پیشگی اعتماد میں لینا بھی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت غیر ہدف شدہ سبسڈیز محدود اور اخراجات کو کم سے کم کرے، مستحکم میکرو اکنامک پالیسیوں سمیت مانیٹری پالیسی کو اپنایا جائے ،توانائی کے شعبے میں ٹیرف سٹرکچر کے مسائل کاخاتمہ، نقصانات میں کمی اور لاگت کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کیا جائے تاکہ پاکستان عالمی منڈیوں میں مسابقت کی دوڑ میں شامل ہوسکے۔ علی عمران آصف نے کہا کہ توانائی کی قیمت، ترسیلی نقصانات اور گردشی قرضوں کے مسائل برآمدات کے فروغ کو متاثر کرتے ہیں اور عالمی مارکیٹ میں پاکستانی برآمدکنندگان کو دیگر ممالک کے ساتھ مسابقت میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات