Live Updates

نان فائلرز کے بینک سے کیش نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس بڑھنے کا امکان

نئی تجویز بینکوں سے 50 ہزار روپے یا اس سے زائد رقم نکالنے والے افراد کو براہ راست متاثر کرے گی

Sajid Ali ساجد علی پیر 2 جون 2025 15:39

نان فائلرز کے بینک سے کیش نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس بڑھنے کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2025ء ) بجٹ میں نان فائلرز کے بینک سے کیش نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس بڑھنے کا امکان ظاہر کردیا گیا، اس کے علاوہ بھی حکومت کی جانب سے مزید کئی نئے ٹیکسوں کی تیاریاں کرلی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے ریونیو بڑھانے کے لیے نان فائلرز پر بینک سے کیش نکالنے پر ود ہولڈنگ ٹیکس کو دوگنا کرنے اور مالیاتی لین دین پر سخت پابندیاں عائد کرنے پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے تحت نئی تجویز بینکوں سے 50 ہزار روپے یا اس سے زائد رقم نکالنے والے افراد کو براہ راست متاثر کرے گی، جس کا مقصد 15 سے 20 ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل کرنا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس وقت نان فائلرز سے ایک دن میں 50 ہزار روپے سے زائد رقم بینک سے نکالنے پر 0.6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے، نئی تجویز کے تحت اس شرح کو 1.2 فیصد تک دگنا کیا جا سکتا ہے جس کا مطلب ہے 1 لاکھ روپے نکالنے پر نان فائلر کو 1200 روپے ٹیکس دینا ہوگا، اس تجویز کے تحت یومیہ حد سے تجاوز کرنے پر اب ناصرف بینک کاؤنٹر سے نکلوائی جانے والی رقم بلکہ اے ٹی ایم اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے رقم نکلوانے پر بھی نیا شرح ٹیکس لاگو ہوگا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ آئندہ بجٹ میں پیٹرول اور ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں پر لیوی عائد کرنے جبکہ کیپٹل گین اور منافع پر بھی ٹیکس میں اضافہ کرنے کی تجویز ہے، بجٹ میں سپر ٹیکس کی شرح میں کمی کی تجویز زیرغور ہے، تاہم سپر ٹیکس میں کمی آئی ایم ایف کی رضامندی سے ہوگی، اس کے علاوہ 800 سی سی سے چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس میں اضافے کا امکان ہے جبکہ مقامی تیار کردہ کاروں پر جی ایس ٹی کی شرح بڑھانے کی تجویز زیرغور ہے، ٹیکس کی شرح 12.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کا امکان ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات