سیلاب: یو این کی امدادی کارروائیوں میں پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی

یو این پیر 18 اگست 2025 01:15

سیلاب: یو این کی امدادی کارروائیوں میں پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 18 اگست 2025ء) اقوام متحدہ نے پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب اور پہاڑی تودے گرنے سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو امدادی کارروائیوں میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔

ملک میں اقوام متحدہ کے نمائندے (ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر) محمد یحییٰ نے کہا ہے کہ مون سون کے آغاز سے اب تک ملک میں سیلاب اور اور متعلقہ آفات میں المناک طور سے 653 سے زیادہ لوگوں کی اموات ہو چکی ہیں۔

گزشتہ دو روز میں ہی 337 جانوں کا نقصان ہوا جبک 178 افراد زخمی ہیں۔ تیز بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی نے خیبرپختونخوا کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے تمام متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے لوگوں کے ساتھ ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی آفات کے خلاف مستحکم اقدامات کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا میں تباہی

ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے صوبہ خیبر پختونخوا میں سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام سمیت بالائی علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ قدرتی آفات سے بچاؤ کے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) کے مطابق سب سے زیادہ تباہی ضلع بونیر میں ہوئی ہے جہاں اب تک 217 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب سے کم از کم 336 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں 106 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔ 'پی ڈی ایم اے' کے مطابق 19 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ہے اور سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

'این ڈی ایم اے' نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخواہ کے علاوہ صوبہ پنجاب اور بلوچستان میں بھی موسلادھار بارشوں اور سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کا تعاون

محمد یحییٰ نے پاکستان میں قدرتی آفات سے بچاؤ کے ادارے (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ملاقات بھی کی ہے۔ اس موقع پر سیلاب کی تازہ ترین صورتحال اور ممکنہ خطرات پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں محمد یحییٰ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ امدادی امور کے لیے اپنے رابطہ دفتر (اوچا) کو مربوط اقدامات اور سیلاب سے بری طرح متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے ضروری تعاون مہیا کر رہا ہے۔

آئندہ ایام میں ملک کے مشرقی حصوں میں دریاؤں کی سطح میں اضافے اور سیلاب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ان حالات میں اقوام متحدہ مستعد اور حکومت کی کوششوں میں مدد دینے کے لیے تیار ہے۔ امدادی برادری اور مقامی و بین الاقوامی غیرسرکاری ادارے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں متاثرہ لوگوں کو مدد پہنچانے کے لیے انتھک کام کر رہے ہیں۔