سگریٹ نوشی کے حاملہ خواتین اور نومولود کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ، پروفیسر الفرید ظفر

پیر 2 جون 2025 18:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) سوسائٹی آف گائناکالوجی آنکولوجی پاکستان کے صدر پروفیسر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی خواتین کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے جس سے وہ مختلف امراض میں مبتلاہو جاتی ہیں جبکہ تمباکو نوشی کی عادی حاملہ ماں کے بچے کی سانس کی قوت کم ہونے کے علاوہ انفیکشن پیدا ہونے کا امکان بھی ہوتا ہے۔

پیر کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے ملک بھر کی گائنا کالوجسٹس سے اپیل کی کہ وہ خواتین مریضوں کا علاج کرنے کے ساتھ ساتھ سگریٹ نوشی سے صحت پر پڑنے والے نقصانات کے بارے میں بھی شعور اجاگر کریں۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ سوسائٹی آف گائناکالوجی آنکولوجی کے پلیٹ فارم سے پاکستان بھر میں نوجوان نسل میں سگریٹ نوشی کے بڑھتے ہوئے رحجان کے تدارک کے لئے آگاہی سیمینار کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا تاکہ مستقبل کا ٹیلنٹ ان بیماریوں سے محفوظ رہ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی ایک ایسی لعنت ہے جو انسانی صحت، معاشرت اور معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے جبکہ اس عادت نے انسان کو جسمانی، ذہنی اور روحانی بیماریوں میں مبتلا کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سگریٹ نوشی بظاہر ایک معمولی عمل لگتا ہے مگر اس کے اثرات نہایت سنگین اور تباہ کن ہوتے ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق تمباکو نوشی سے ہر سال تقریبا 80 لاکھ سے زائد افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں لہذاتمباکو نوشی سے پرہیز کرنا نہ صرف فرد کی اپنی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ پورے معاشرے کی بہتری کے لیے بھی ناگزیر ہے.۔

پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ حاملہ خواتین کے لئے سگریٹ نوشی یقینی طور پر جنین کے لئے نقصان دہ ہے جس کی وجہ سے مردہ پیدائش اور ابتدائی نومولودی اموات ہوتی ہیں،قبل از وقت پیدائش کے خطرے سمیت کم وزن والے بچے پیدا ہونے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جہاں ہزاروں افراد تمباکو نوشی سے متاثر ہوکر بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں، وہیں خواتین اور نوجوان لڑکیوں میں بھی تمباکو کا بڑھتا ہوا استعمال خطرناک صورت اختیار کرتا جارہا ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پاکستان کی لگ بھگ نصف آبادی تمباکو نوشی کا مختلف طریقوں پان، گٹکا اور سگریٹ نوشی کے ذریعے استعمال کررہے ہیں جس میں خواتین بھی شامل ہیں۔تمباکو لینے سے منہ کے اندر کی جھلی سخت ہوجاتی ہے جس سے منہ نہیں کھل پاتا، کھانا چبانے میں مشکل پیش آتی ہے اور یہ بیماری آگے چل کر کینسر کی وجہ بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سگریٹ نوش خواتین کے چہرے پر جھریاں جلدی آجاتی ہیں، اندرونی نظام میں خرابی ہو جاتی ہے اور اس سے دل، سینے اور فالج کی بیماریوں سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔