Live Updates

دلفریب آواز کے مالک گلوکار مجیب عالم کو بچھڑے 21 برس بیت گئے

پیر 2 جون 2025 21:12

‘لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2025ء) دلفریب آواز کے مالک گلوکار مجیب عالم کو مداحوں سے بچھڑے 21 برس بیت گئے۔سر اور تال میں غیر معمولی مہارت رکھنے والے مجیب عالم کے گیت آج بھی جب گونجتے ہیں تو شائقین دل تھام کے رہ جاتے ہیں، مجیب عالم 1948 میں بھارت کے شہر کانپور میں پیدا ہوئے ، ان کے والدین ہجرت کرکے کراچی منتقل ہو گئے۔

مجیب عالم نے گلوکاری کی ابتدائی تربیت موسیقار محبوب علی خان سے حاصل کی، موسیقار حسن لطیف نے اپنی فلم نرگِس میں گائیکی کا موقع دیا مگر یہ فلم ریلیز نہ ہو سکی، 1967 میں فلم چکوری کے ایک گیت کی مقبولیت کے بعد گلوکار مجیب عالم نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔مجیب عالم کو فلم چکوری کے اس گیت پر بہترین گلوکار کا نگار ایوارڈ بھی ملا، وہ 70 کی دہائی تک پاکستانی فلموں کے مصروف ترین گلوکار بن گئے، ان کی آواز محمد علی، وحید مراد، ندیم سمیت ہر ہیرو پر فٹ بیٹھتی تھی۔

(جاری ہے)

مجیب عالم نے 62 فلموں میں 90 کے قریب گانے گائے جن میں 10 پنجابی گیت بھی شامل ہیں، فلم جان آرزو، تم ملے پیار ملا، سوغات، شمع اور پروانہ، قسم اس وقت کی، دل لگی اور میرے ہمسفر میں ان کے گائے گیت آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں۔مجیب عالم کی گلوکاری کا سفر 80 کی دہائی تک جاری رہا، بدقسمتی سے اس خوبصورت گلوکار کو کبھی بھی سرکاری سطح پر پذیرائی نہ ملی اور 2 جون 2004 میں یہ سریلی آواز ہمیشہ کیلئے خاموش ہو گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات