قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے 41 طلبہ تعلیمی تبادلہ پروگرام کے تحت دو سمسٹر کے لیے چائنہ جائیں گے

پیر 2 جون 2025 22:18

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے 41 طلبہ و طالبات تعلیمی تبادلہ پروگرام کے تحت ایک سال کے لیے چین کے یونان فارسٹری اینڈ ٹیکنالوجی کالج میں تعلیم حاصل کرنے جائیں گے۔ یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس سلسلے میں دونوں اداروں کے ذمہ داران کے مابین جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ ودیگر حکام کے علاوہ یونان فارسٹری اینڈ ٹیکنالوجی کالج کی ڈین اور ان کی ٹیم نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تبادلہ پروگرام کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ پروگرام کے تحت چین جانے والے جامعہ قراقرم کے طلبہ کے لیے نصاب کی ترتیب اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عیدالاضحیٰ کے بعد یونان فارسٹری اینڈ ٹیکنالوجی کالج کے ذمہ داران قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ کریں گے اور طلبہ سے ملاقات کریں گے تاکہ پروگرام کو بہتر اور منظم انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ اس تعلیمی تبادلہ پروگرام سے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ ملے گا اور طلبہ کو عالمی سطح پر تعلیمی مواقع میسر ہوں گے۔