یو ای ٹی کے انسٹیٹیوٹ آف مشین لرننگ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور سائبر سکیورٹی کا قیام

پیر 2 جون 2025 22:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور نے اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے ماڈل ٹائون میں اپنی ایکسٹنشن ’’انسٹیٹیوٹ آف مشین لرننگ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور سائبر سکیورٹی‘‘قائم کر دیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کیا۔ یہ ایکسٹنشن فیکلٹی آف الیکٹریکل انجینئرنگ کے زیر انتظام کام کرے گا۔

تقریب میں انسٹیٹیوٹ کے پہلے تعلیمی سیشن کے طلبا و طالبات کے لیے ویلکم کا بھی انعقاد کیا گیا۔ طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد منیر نے کا کہنا تھا کہ یہ انسٹیٹیوٹ نہ صرف طلبا کو جدید علوم جیسے مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، سائبر سکیورٹی اور ڈیٹا سائنس میں معیاری تعلیم فراہم کرے گا بلکہ یہاں جدید لیبارٹریز، ریسرچ سینٹرز، انڈسٹری پارٹنرشپس اور عملی منصوبوں کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ طلبا کو فیکلٹی کی سرپرستی میں عالمی معیار کی تحقیق اور اختراع کے ماحول میں سیکھنے کا موقع میسر آئے گا۔ ہمارا مقصد ایسے گریجویٹس تیار کرنا ہے جو نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر بھی تکنیکی میدان میں اپنا مقام بنا سکیں۔ انسٹیٹیوٹ میں دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام، ماسٹرز (ایم ایس) پروگرام، اور ویک اینڈ سپیشلائزڈ کورسز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اب طلبا کمپیوٹر سائنس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا سائنس، بائیو میڈیکل اور الیکٹریکل انجینئرنگ جیسے جدید شعبہ جات میں خصوصی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔افتتاحی تقریب میں پرو وائس چانسلر، ڈینز، ڈاکٹر محمد شعیب، ڈاکٹر شازیہ، ٹریژرر، پبلک ریلیشنز آفیسر، عائشہ الطاف، ڈاکٹر جنید ارشد، ڈاکٹر فائزہ اقبال اور نئے داخل ہونے والے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔