فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

پیر 2 جون 2025 20:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں ٹریفک حادثات میں کمی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مختلف انتظامی و تادیبی اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ٹریفک، ٹرانسپورٹ، پولیس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے،ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، گاڑیوں کی فٹنس اور کم عمر ڈرائیونگ کے خلاف سخت کارروائی سے ہی حادثات کی روک تھام ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ رکشوں اور نجی ایمبولینسز کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے،گیس سلنڈرز پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ایرانی نان کسٹم پیڈ تیل کی فروخت پر خصوصی کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا،کم عمر موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت اور بلا تفریق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کوئی بھی گاڑی سڑک پر نہیں چلنے دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ضابطہ کار پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور باہمی رابطہ کاری کے تحت اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسدادی اقدامات، آگاہی مہمات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر نگرانی سے ٹریفک حادثات کی شرح میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام اداروں نے دی گئی ہدایات پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی ۔