Live Updates

خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے زراعت کا اجلاس

پیر 2 جون 2025 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے زراعت کا اجلاس چیئرمین اور رکن صوبائی اسمبلی محمد عبدالسلام کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی مشتاق غنی، فضل الٰہی، محمد آفتاب حیدر، شیر علی آفریدی، علی شاہ، اکرام اللہ، زرشاد خان اور خالد خان نے شرکت کی۔اجلاس میں زراعت کے شعبے میں انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) کے منصوبے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

کمیٹی نے ہدایت جاری کی کہ محکمہ زراعت کے ICT منصوبے کو دوبارہ فعال کیا جائے۔ اس ضمن میں ایک سمری سپیکر کی توسط سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو بھیجی جائے گی تاکہ منصوبے کو صوبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں شامل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اراکین نے زور دیا کہ موجودہ دور میں جب دنیا بھر میں زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے، تو ہمیں بھی اس سمت میں اقدامات کرنے ہوں گے ورنہ ہم باقی دنیا سے پیچھے رہ جائیں گے۔

پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ہمیں اپنی زرعی پیداوار اور برآمدات بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے محکمہ زراعت کا ICT منصوبہ نہایت اہم ہے اور اس کا دوبارہ اجرا وقت کی اہم ضرورت ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی محمد عبدالسلام نے اس موقع پر کہا کہ ہم یہ سارا کام عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ ہمارا مقصد صرف منصوبوں کا آغاز نہیں بلکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا ہے۔ ٹیکنالوجی کا فروغ کسانوں کی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات