Live Updates

شام ، دمشق سٹاکایکسچینج 6 ماہ کی بندش کے بعد دوبارہ کھل گئی

منگل 3 جون 2025 08:40

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) شام میں سٹاک ایکسچینج چھے ماہ کی بندش کے بعد دوبارہ کھل گئی۔ العربیہ کے مطابق دمشق سیکیورٹیز ایکس چینج میں 6ماہ کی بندش کے بعدتجارت دوبارہ شروع ہو گئی ہے کیونکہ شام کے نئے رہنما تقریباً 14 سال کی خانہ جنگی کے بعد ملک کی تباہ حال معیشت کو سہارا دینے اور تعمیرِ نو شروع کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

سٹاک ایکس چینج اس افراتفری کے دنوں میں بند ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں سابق صدر بشار الاسد کو معزول کر دیا گیا تھا۔دوبارہ افتتاح کی تقریب میں شرکت کرنے والے شام کے وزیرِ خزانہ محمد یسر برنیۃ نے کہا، یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ ملک کی معیشت بحال ہونے لگی ہے اور سٹاک ایکسچینج "ایک نجی کمپنی کے طور پر کام کرے گی اور شام کی اقتصادی ترقی کے لیے ایک حقیقی مرکز کے طور پر خدمات انجام دے گی جس کی ڈیجیٹل معیشت پر مضبوط توجہ ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا، ملک کے نئے رہنما کاروباری معاملات کو آسان بنانے اور سرمایہ کاری کے امید افزا مواقع کے لیے دروازے کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔واضح رہے سٹاک ایکس چینج کے دوبارہ کھلنے کا اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب شام کے مالیاتی نظام پر بین الاقوامی پابندیاں کم ہونےلگی ہیں۔ امریکہ اور یورپ دونوں نے گذشتہ ماہ شام پر عائد وسیع پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔گذشتہ ہفتے شام نے قطری، ترکی اور امریکی کمپنیوں کے شراکتی اتحاد کے ساتھ سات بلین ڈالر کے بجلی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس کا مقصد 5,000 میگاواٹ بجلی کے منصوبے کو ترقی دینا ہے تاکہ شام کے جنگ زدہ بجلی گھروں کے زیادہ تر حصے کو بحال کیا جائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات