روس میں بجلی کی تنصیبات پر یوکرینی ڈرون حملے ،متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے

منگل 3 جون 2025 10:30

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) بجلی کی روسی تنصیبات پر یوکرینی ڈرون حملوں کے نتیجے میں متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ رشیا ٹوڈے نے زیپوریزیا اور کھیرسون کے گورنرز کے حوالے سے بتایا کہ یوکرین کی فوج نے پیر کی شام روس کے متعدد علاقوں پر ڈرون حملے شروع کئے جس کے نتیجے میں زیپوریزیا ریجن میں مکمل بلیک آؤٹ اور کھیرسون کے کچھ حصوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور متاثرہ علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

زیپوریزیا کے گورنر ایوگینی بالٹسکی نے بتایا کہ شمال مغربی حصے میں یوکرینی ڈرون حملوں نے ہائی وولٹیج آلات کو نقصان پہنچایا جس کے نتیجے میں پورے علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں بیک اپ ذرائع سے بجلی فراہم کی جارہی ہے اور حکام متبادل ذرائع سے سے جلد از جلد توانائی کی فراہمی بحال کرنے کےلئے کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کھیرسون ریجن کے گورنر ولادیمیر سالڈو نے بتایا کہ یوکرین کے ڈرون حملے نے جنیچی سکی ضلع میں ایک نئے سب سٹیشن کو نشانہ بنایا جس سے علاقے کے ایک بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 150 بستیوں میں 104,000 سے زیادہ لوگ اور 44 سماجی طور پر اہم سہولیات بجلی کی فراہمی میں تعطل سے متاثر ہوئیں تاہم تمام اہم سہولیات بیک اپ پاور سپلائیز سے منسلک تھیں ۔یہ حملے استنبول میں ماسکو اور کیف کے براہ راست امن مذاکرات کے دوسرے دور کے اختتام کے چند گھنٹے بعد ہوئے۔