پشاور پولیس کا آپریشن ، غیرقانونی تارکین وطن سمیت متعددجرائم پیشہ عناصر گرفتار

منگل 3 جون 2025 11:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) پشاور پولیس نے امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کےلئے گھر گھر آپریشن جاری ہے، اس دوران غیرقانونی تارکین وطن سمیت متعدد جرائم پیشہ عناصر کو بھی گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات واسلحہ برآمد کرلیا گیاہے ۔پولیس کے مطابق گزشتہ روزتھانہ پہاڑی پورہ کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی فقیر آباد عمرآفریدی کی قیادت میں دیگرپولیس نفری نے مختلف علاقوں فیصل کالونی ، حیدر شاہ ٹائون ، یوسف آباد ، گل آباد ، غریب آباد ، مدینہ کالونی ، حاجی کیمپ اڈہ اور دیگر علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران متعدد جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں منشیات وشراب سپلائی کرنے والے، نامکمل کوائف پر غیرقانونی طور پر رہائش پذیر کرایہ داروں، اسلحہ نمائش، غیر قانونی اسلحہ اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر شامل ہیں۔آپریشن میں آرآر ایف، لیڈیز پولیس اور دیگر یونٹس کے اہلکاروں نے حصہ لیااورملزمان کے قبضہ سے 300 لیٹر شراب، رائفل، کلاشنکوف، 8 پستول اورآئس بھی برآمدکی گئی ہے۔