شام ، دمشق سٹاکایکسچینج 6 ماہ کی بندش کے بعد دوبارہ کھل گئی

یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ ملک کی معیشت بحال ہونے لگی ہے ،وزیرخزانہ

منگل 3 جون 2025 17:33

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)شام میں سٹاک ایکسچینج چھے ماہ کی بندش کے بعد دوبارہ کھل گئی۔عرب ٹی وی کے مطابق دمشق سیکیورٹیز ایکس چینج میں 6ماہ کی بندش کے بعدتجارت دوبارہ شروع ہو گئی ہے کیونکہ شام کے نئے رہنما تقریبا 14 سال کی خانہ جنگی کے بعد ملک کی تباہ حال معیشت کو سہارا دینے اور تعمیرِ نو شروع کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

سٹاک ایکس چینج اس افراتفری کے دنوں میں بند ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں سابق صدر بشار الاسد کو معزول کر دیا گیا تھا۔دوبارہ افتتاح کی تقریب میں شرکت کرنے والے شام کے وزیرِ خزانہ محمد یسر برنی نے کہا، یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ ملک کی معیشت بحال ہونے لگی ہے اور سٹاک ایکسچینج ایک نجی کمپنی کے طور پر کام کرے گی اور شام کی اقتصادی ترقی کے لیے ایک حقیقی مرکز کے طور پر خدمات انجام دے گی جس کی ڈیجیٹل معیشت پر مضبوط توجہ ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا، ملک کے نئے رہنما کاروباری معاملات کو آسان بنانے اور سرمایہ کاری کے امید افزا مواقع کے لیے دروازے کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔واضح رہے سٹاک ایکس چینج کے دوبارہ کھلنے کا اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب شام کے مالیاتی نظام پر بین الاقوامی پابندیاں کم ہونیلگی ہیں۔ امریکہ اور یورپ دونوں نے گذشتہ ماہ شام پر عائد وسیع پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔