Live Updates

راولپنڈی میں کراٹے کے کھیل میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تنویر احمد

نوجوان کھلاڑی قومی و بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے پاکستان کا نام روشن کر رہے ‘انٹرویو

منگل 3 جون 2025 17:46

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)ڈسٹرکٹ کراٹے ایسوسی ایشن راولپنڈی کے سیکرٹری تنویر احمد نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں کراٹے کے کھیل میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جہاں نوجوان کھلاڑی قومی و بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ایک انٹرویومیں انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی ڈسٹرکٹ کراٹے ایسوسی ایشن مقامی سطح پر کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور انہیں تکنیکی اور جسمانی اعتبار سے بہتر بنانے کے لیے معیاری تربیتی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن باقاعدگی سے مختلف ٹورنامنٹس کا انعقاد کرتی ہے تاکہ شہر کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع میسر آئیں۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق ان ٹورنامنٹس میں شرکت سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر بہتر تیاری کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں سرگودھا میں ہونے والی سینٹرل پنجاب کراٹے چیمپئن شپ میں راولپنڈی کی گرلز ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ انڈر 14 کیٹیگری میں راولپنڈی کے کھلاڑی عدیل نے نمایاں پرفارمنس دیتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

تنویر احمد کے مطابق حالیہ منعقدہ قائداعظم گیمز کے کراٹے ایونٹ میں راولپنڈی نے مجموعی طور پر تین طلائی تمغے اپنے نام کیے۔ گرلز ٹیم نے دو گولڈ میڈلز جیتے جبکہ بوائز ٹیم نے ایک طلائی تمغہ حاصل کیا جو راولپنڈی کے لیے ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل کراٹے چیمپئن شپ جون کے آخر میں منعقد ہو رہی ہے جس کی تیاریوں کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔ علاوہ ازیں راولپنڈی ڈسٹرکٹ کراٹے ایسوسی ایشن جولائی، اگست اور ستمبر کے مہینوں میں تین اہم ٹورنامنٹس منعقد کرے گی تاکہ کھلاڑیوں کو مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات