کراچی میں ڈکیت 12 بکرے چھن کر فرار، مزاحمت پر بیوپاری زخمی

متاثرہ بیوپاری سندھ کے علاقہ عمر کوٹ سے بکرے لے کر فروخت کے لیے شہر قائد پہنچا تھا

Sajid Ali ساجد علی منگل 3 جون 2025 12:36

کراچی میں ڈکیت 12 بکرے چھن کر فرار، مزاحمت پر بیوپاری زخمی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون 2025ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈکیت 12 بکرے چھن کر فرار ہوگئے اس دوران مزاحمت پر بیوپاری زخمی ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد میں قریب ڈکیتی کے دوران ملزمان بیوپاری سے 12 بکرے چھن کر فرار ہوگئے ملزمان کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ سے بیوپاری زخمی ہوگیا، پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب پیش آیا جہاں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس سے بیوپاری میاں داد زخمی ہوگیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کے بعد ڈاکو میاں داد بیوپاری سے 12 بکرے چھین کر فرار ہوگئے، متاثرہ بیوپاری سندھ کے علاقہ عمر کوٹ سے بکرے لے کر فروخت کے لیے کراچی پہنچا تھا، زخمی بیوپاری میاں داد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو اچانک مویشی دوست منڈی کے دورے پر نادرن بائی پاس پہنچ گئے، اے آئی جی نے مویشی دوست منڈی کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، ایڈمنسٹریٹر شہاب علی کی جانب سے انہیں بریفنگ بھی دی گئی، اس موقع پر کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ 12 سو ایکڑ پر قائم ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی دوست منڈی لگائی گئی ہے، ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ، ایس ایس پی طارق مستوئی اور ایس پی کی سربراہی میں فول پروف سکیورٹی ہے، مویشی دوست منڈی آنے والے راستوں پر ایک ہزار سے زائد پولیس کے افسران و اہلکار، 27 سے زائد پولیس موبائل اور 49 سے زائد پولیس پکٹس لگائی گئی ہیں۔

ایڈمنسٹریٹرشہاب علی نے مویشی منڈی انتظامات کے حوالے سے کہا کہ نادرن بائی پاس مویشی دوست منڈی انتظامیہ نے پہلے سے بہتر اقدامات کیے ہیں یہی وجہ ہے کہ آدھی رات کو بھی لوگ اپنی فیملیز اور بچوں کے ہمراہ یہاں کا رخ کر رہے ہیں، نادرن بائی پاس مویشی دوست منڈی میں 19 اپریل سے اب تک سوا دو لاکھ سے زائد جانور لائے جاچکے ہیں، مویشی دوست منڈی سے اب تک ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد جانور فروخت ہوچکے ہیں آخری چند روز میں قربانی کے جانوروں کی خریداری میں تیزی آچکی ہے۔