ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کے ملزم کوگرفتارکرلیا گیا

ملزم کا تعلق پنجاب سے ہے جسے پولیس نے فیصل آباد سے گرفتار کیا ہے ، ملزم کی شناخت کاکا کے نام سے ہوئی ہے ملزم نے خود کو مقتولہ کا دوست بتایا ہے، پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 3 جون 2025 13:00

ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کے ملزم کوگرفتارکرلیا گیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 جون 2025)ٹک ٹاکر ثناءیوسف کے قتل کے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم کا تعلق پنجاب سے ہے جسے پولیس نے رات گئے گرفتار کیا، ملزم کی شناخت کاکا کے نام سے ہوئی ہے ملزم نے خود کو مقتولہ کا دوست بتایا ہے، پولیس ذرائع کامزید کہنا ہے کہ ملزم کا کا فیصل آباد فرار ہو گیا تھا ملزم کو فیصل آباد سے حراست میں لیا گیا ۔

پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کرلیا ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو سی سی ٹی وی ویڈیو اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ورثا سے شناخت کے بعد دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔قبل ازیں ٹک ثناء یوسف کی والد ہ نے اپنی بیٹی کے قتل کی دلخراش تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ سامنے آنے پر ملزم کو شناخت کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

والدہ کاکہنا ہے کہ ملزم پیر کی شام 5 بجے ہمارے گھرداخل ہوا اور فائرنگ کی۔ ثنا پر فائرنگ کرنے کے بعدملزم فرارہوگیا تھا۔ پولیس نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا تھا۔مقدمے کے متن میں کہنا تھا کہ ثنا کو 2گولیاں لگیں جسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق پیر کی شام 5 بجے نامعلوم ملزم ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے گھر داخل ہوا۔

ملزم کی فائرنگ سے2 گولیاں ثنا یوسف کے سینے میں لگیں۔ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔مقدمے کے مطابق مقتولہ ثنا یوسف کی والدہ فرزانہ یوسف نے بتایا کہ بوقت شام 5 بجے ایک نامعلوم شخص ہمارے گھر میں داخل ہوا جس نے کالے رنگ کی شرٹ اور ٹراﺅزر پہنا ہوا تھا اور ہاتھ میں پستول تھا۔ واقعے کے وقت میرے شوہر گھر پر نہیں تھے جبکہ میرا پندرہ سالہ بیٹا بھی ہمارے گاﺅں چترال گیا ہوا تھا۔

مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف نے کہا کہ میری بیٹی زبردست سوشل میڈیا انفلونسر تھی، میری نند لطیفہ شاہ جو بطور مہمان ہمارے گھر میں موجود تھی اس واقعے کی گواہ ہے میں اور میری نند لطیفہ شاہ ملزم کو سامنے آنے پر شناخت کر سکتے ہیں۔ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کی والد ہ نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزم نے قتل کے ارادے سے کمرے میں موجود میری بیٹی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ثنا کو دو گولیاں سینے پر لگیں۔

ہمارے شور کرنے پر نامعلوم شخص موقع سے بھاگ گیا جبکہ اہل محلہ جمع ہو گئے اپنی زخمی بیٹی کو ہمسائیوں کی گاڑی میں ڈال کر ہسپتال پہنچی مگر وہ خموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہو گئی تھی۔پولیس نے ٹک ٹاکرثناءیوسف کا پمز سے پوسٹمارٹم کروانے کے بعد میت ورثاءکے حوالے کردی گئی۔یاد رہے کہ گزشتہ روزوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نوجوان نے ٹک ٹاکر خاتون کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیاتھا۔

واقعہ تھانہ سنبل کی حدود میں پیش آیا تھا۔مقتولہ ٹک ٹاکر کا تعلق چترال سے تھا۔ ثنا یوسف کو تھانہ سنبل کی حدود میں اسلام آباد کے علاقے جی 13 میں ان کے عزیزوں کے ہاں نامعلوم ملزم نے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کرکے قتل کر دیاتھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور نے مقتولہ کے گھر میں گھس کر مقتولہ پر دو فائر کئے اور موقع سے فرار ہو گیاتھا۔

2 گولیاں لگنے کے باعث ثنا یوسف جاں بحق ہو گئی۔ واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے پمزہسپتال منتقل کر دیا تھا۔بتایا گیا تھا کہ ثنا یوسف کا تعلق اپر چترال کے علاقے چوئنج سے تھا اور وہ مشہور سماجی کارکن اور تحریک تحفظ حقوق چترال کے سرگرم رکن یوسف حسن کی صاحبزادی تھیں۔ مقتولہ نے نہایت کم عمری میں بطورِ کانٹنٹ کریئٹر نام کمایا اور انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں تھی۔ مقتولہ کا تعلق اپر چترال کے علاقے چوئینچ مستوج سے تھا، مرحومہ ٹک ٹاکر کی گزشتہ روز سالگرہ تھی ۔