اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے کوکین، مختلف آپریشنز میں کروڑوں کی منشیات برآمد

ملک میں مختلف کارروائیوں کے دوران 4کروڑ 10لاکھ مالیت کی 232کلوگرام سے زائد منشیات پکڑی گئی

منگل 3 جون 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے کوکین اور مختلف دیگر آپریشنز میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔ترجمان کے مطابق اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کریک ڈائون کرتے ہوئے 6مختلف کارروائیوں کے دوران ایک خاتون سمیت 4ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ان تمام کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 232.478کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 4کروڑ 10لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے این ایف اہلکاروں نے ریاض جانے والے ایک مسافر کو مشکوک جان کر روکا، جس کے بعد اس کے پیٹ سے 55گرام وزنی کوکین سے بھرا کیپسول برآمد کیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ طریقہ اسمگلروں کی جانب سے منشیات بیرون ملک پہنچانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تاہم اے این ایف کی مستعدی نے کوشش ناکام بنا دی۔

اسی طرح سیالکوٹ میں واقع ایک کوریئر آفس پر کارروائی کے دوران برطانیہ بھیجے جانے والے ایک پارسل سے 24کلوگرام چرس اور 1200نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق پارسل کو بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب ایک مسافر بس میں سوار خاتون کو روک کر چیک کیا گیا، جس کے قبضے سے 7.2کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

اسی طرح اسلام آباد ہی کی ایک نجی ہاسنگ سوسائٹی کے فیز 4کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 184گرام وزنی 35ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ادھر فیصل آباد کے شوگر موڑ کے قریب ایک اور کارروائی کے دوران اے این ایف نے ایک کلوگرام چرس ایک ملزم سے برآمد کی جبکہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے غیر آباد علاقے توزگئی میں ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے زمین میں چھپائی گئی 200کلوگرام افیون برآمد کی گئی، جو دیگر شہروں کو اسمگل کی جانی تھی۔

تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے ادارہ اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے گا اور ملک بھر میں نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے۔