امریکا جنیوا مذاکرات میں طے پانے والے اتفاق رائے کی خلاف ورزی سے متعلق غلط معلومات پھیلانا بند کرے، چین

منگل 3 جون 2025 15:30

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) چین نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ جنیوا مذاکرات میں طے پانے والے اتفاق رائے کی خلاف ورزی سے متعلق غلط معلومات پھیلانا بند کرے ۔ شنہوا کے مطابق یہ بات چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے منگل کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہی۔ انہوں نے امریکا کے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا کہ ان کا ملک جنیوا میں چین اور امریکا کے درمیان اقتصادی اور تجارتی مذاکرات میں طے پانے والے اتفاق رائے کی خلاف ورزی کر رہا ہےانہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ غلط معلومات پھیلانا بند کرے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے ذمہ دارانہ انداز میں کام کیا ہے، جنیوا مذاکرات میں طے پانے والے اتفاق رائے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکا نے چین کے خلاف یکے بعد دیگرے متعدد امتیازی پابندیوں کے اقدامات متعارف کروا کر اتفاق رائے کو سنجیدگی سے مجروح کیا ہے، جس میں اے آئی چپ ایکسپورٹ کنٹرول کے بارے میں گائیڈ لائنز جاری کرنا، چین کو چپ ڈیزائن سافٹ ویئر کی فروخت روکنا اور چینی طلبہ کے لئے ویزوں کی منسوخی کا اعلان کرنا شامل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ امریکی اقدام نے چین کے جائز حقوق اور مفادات کو نقصان پہنچایا ہے اور چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور اس کے خلاف سخت احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین سے نمٹنے کے لئے دباؤ اور جبر درست طریقے نہیں ہیں۔ انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ حقائق کا احترام کرے، غلط معلومات پھیلانا بند کرے، اپنی غلطیوں کو درست کرے اور جنیوا مذاکرات کے دوران طے پانے والے اتفاق رائے کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات کرے۔