سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائی ، ایک دن میں 36 لاکھ 68 ہزار جرمانہ وصول کیا

منگل 3 جون 2025 15:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کے دوران ایک دن میں 36 لاکھ 68 ہزار سے زائد جرمانہ وصول کیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او)راولپنڈی بینش فاطمہ نے ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا ہے کہ راولپنڈی میں ٹریفک نظام میں بہتری لانے کے لئے جہاں تجاوزات اور غلط پارکنگ کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے وہیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر چالان و جرمانہ کیا جاتا ہے اور سنگین خلاف ورزی کی صورت میں گاڑیاں و موٹر سائیکل تھانوں میں بند کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 3932 شہریوں کو چالان ٹکٹس جاری کئے گئے جن میں 895 ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے،625 بغیر ڈرائیونگ لائسنس اور 108 کاغذات نہ رکھنے والے شہری شامل ہیں جن سے چالان کی مد میں 36 لاکھ68 ہزار 100 روپے جرمانہ وصول کیا ۔سی ٹی او نے کہا کہ شہریوں کو چالان کرنے کا مقصد ٹریفک کے نظام میں بہتری لانا اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرانا ہے ۔