بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون، 30851ملزمان گرفتار

خزانے کو نقصان پہنچانے والے 1977ملزمان کو سزائیں اور جرمانے عائد

منگل 3 جون 2025 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء) پنجاب پولیس کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے،رواں سال صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف 45928مقدمات درج کئے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر سے بجلی چوری میں ملوث 30851ملزمان کو گرفتار کیا گیا،بجلی چوری کے 28126مقدمات کے چالان مکمل کر لئے،خزانے کو نقصان پہنچانے والے 1977ملزمان کو سزائیں اور جرمانے عائد کئے گئے۔

(جاری ہے)

لاہور میں بجلی چوری کے 11523مقدمات درج ، 14046 گرفتار کئے گئے۔ بجلی چوروں کیخلاف مہم کے آغاز سے اب تک 2لاکھ 13ہزار 465مقدمات درج کئے جا چکے ہیں،لاہور میں بجلی چوری میں ملوث 1لاکھ 91ہزار سے زائد ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کیخلاف ترجیحی کارروائیاں کی جائیں۔