سکھر پولیس نے ’’ہنی ٹریپ‘‘ کے ذریعے اغوا ہونے والے ایک شخص کو کچے کے علاقے سے بازیاب کرالیا

منگل 3 جون 2025 21:25

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)سکھر پولیس نے ’’ہنی ٹریپ‘‘ کے ذریعے اغوا ہونے والے ایک شخص کو کچے کے علاقے سے بازیاب کرالیا ترجمان سکھر پولیس کے مطابق ثناء اللہ ولد محمد اسماعیل ذات برڑو جوکہ واہ برڑو کندھرا تعلقہ روہڑی کا رہائشی ہے ایک ہفتے سے لڑکی سے فون پر بات کرتا تھا، فون پر بات کرنے والی اس لڑکی نے اس سے شادی کرنے اور ملنے کا جھانسہ دیا جس کے بہکاوے میں آکر مذکورہ شخص لڑکی سے ملنے گیا تو ڈاکوؤں نے اسے گذشتہ روز تاوان کی غرض سے اغوا کرلیا اور کچے میں لے گئے ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے اس واردات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے *ڈی ایس پی روہڑی سید مشتاق علی شاہ کی سربراہی میں انچارج سی آئی اے آغا شمشاد، ایس ایچ او سائیٹ اور سکھر ضلع کی پولیس پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر انہیں فی الفور مغوی کی بازیابی کا ٹاسک دیا۔

(جاری ہے)

پولیس پارٹی نے بروقت بھرپور آپریشن کے نتیجے میں مغوی کو اغوا ہونے کے ایک روز بعد ہی فتو پتن شاہ بیلو کے علاقے سے بحفاظت بازیاب کرالیا گیا تاہم ڈاکو فائرنگ کے تبادلے کے بعد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کچے کے جنگل میں فرار ہوگئے جن کا تعاقب جاری ہے۔