Live Updates

معروف مصورہ مہر افروز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئےآرٹس کونسل میں تقریب کا انعقاد

منگل 3 جون 2025 21:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی فائن آرٹ کمیٹی کے زیر اہتمام معروف مصورہ مہر افروز کو خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیاگیا ۔ فائن آرٹ کمیٹی کے چیئرمین فرخ تنویر شہاب، زہرہ حسین، نورجہاں بلگرامی، نصرت خواجہ اور نیلوفر فرخ نے تقریب میں اظہارِ خیال کیا جبکہ سلمان آصف ،راحت نوید اور سلیمہ ہاشمی نے ویڈیو پیغام کے ذریعے گفتگو کی۔

تقریب میں فن مصوری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پرمصورہ مہر افروز نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ جب ہم بڑے ہوجاتے ہیں تو اپنی ذات کو گم کردیتے ہیں اور کبھی پہچان نہیں پاتے کہ ہم کیا ہیں، ہمیں کیا کرنا چاہیے،بحیثیت انسان ہماری ذمہ داری ہے کہ ہمیں صرف لینا نہیں ہے بلکہ دینا بھی ہے، انسان اخلاقیات کے بغیر صرف ایک مجسمہ ہے، تقویٰ اور اصول کی پختگی زندگی میں خوشی اور اطمینان کا باعث بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

نیلوفر فرخ نے کہاکہ میں آرٹس کونسل کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ایک ایسے آرٹسٹ کو سراہا جن کو ساری دنیا جانتی ہے، مہر جب پاکستان آئی تب انہوں نے آرٹس کونسل کی اسی بلڈنگ میں نمائش کی تھی، مہر کا کیریئر آرٹس کونسل سے شروع ہو ا، آرٹس کونسل کی یہ عمارت تاریخی اہمیت کی حامل ہے، مہر نے کبھی بھی اپنے کام میں کوتاہی برداشت نہیں کی ہمت سے کام کیا، ہمارے پاس مہر افروز کا نام آرٹ میں ایک شناخت ہے ۔

زہرہ حسین نے کہاکہ مہر افروز 1971 میں پاکستان آئیں، اس وقت خاتون مصورہ کافی سرگرم ہوا کرتی تھیں، مہر وہ واحد آرٹسٹ ہیں جو اردو اور فارسی ادب سے بخوبی واقف ہیں،جس کا اظہار انہوں نے اپنے فن پاروں میں بھی کیا ہے۔ نورجہاں بلگرامی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ میں جب آرٹس کونسل آئی تو یہ ایک چھوٹی سی جگہ تھی مگر ماحول بہت عمدہ تھا ، یہاں بشیر مزرا ، صادقین جیسے بڑے نامور فنکارگھومتے تھے ، مہر اور میرا ساتھ 52سال کا ہے۔

تقریب میں ویڈیو پیغام کے ذریعے سلیمہ ہاشمی نے کہاکہ مہر افروز کا کام ہر سال نظر آتا ہے وہ ایک کمیٹڈ آرٹسٹ ہیں، میں ان کے کام کو دیکھتی اور اس سے محظوظ ہوتی ہوں، مہر ہر بار باہمت طریقے سے اپنا کام لوگوں کے سامنے لاتی ہیں ،ایک فنکار، ایک مصور کی سوچنے والی زندگی ہوتی ہے، ہم خوش قسمت ہیں کہ مہر افروز کے ہم اثر دوستوں میں ہمارا شمار ہوتا ہے اور یہ ساتھ ہمیشہ جاری رہے گا۔

سلمان آصف نے ویڈیو پیغام میں کہاکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور محمد احمد شاہ مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے دور حاضر کی اہم ترین مصورہ مہر افروز کی فکری اور تخلیقی دنیا پر اس تقریب کا انعقاد کیا، مہر افروز کی مصوری اس روایت کی امین ہیں جس کے لیے ایک مصور کو روشن تخیل ، بے حد دردِ دل ،حساس اور انسانی زندگی کی تیز اور ہمہ وقت درکار رہتی ہے۔فائن آرٹ کمیٹی کے چیئرمین فرخ تنویر شہاب نے آرٹس کونسل کی جانب سے مہر افروز کو پھول پیش کیے اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات